• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زلزلے سے تباہی پر وزیراعظم، صدر کا اظہار افسوس

زلزلے سے تباہی پر وزیراعظم، صدر کا اظہار افسوس


وزیراعظم عمران خان اور صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے آزاد کشمیر اور ملک کے دیگر شہروں میں شدید زلزلے سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 74ویں اجلاس سے کے دوران وزیراعظم کو آزاد کشمیر کے مختلف شہروں، دارالحکومت اسلام آباد، پنجاب اور خیبر پختونخوا میں شدید زلزلے کی اطلاع ملی۔

انہوں نے زلزلے کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور ساتھ ہی متاثرہ علاقے میں ریلیف کے سلسلے میں متعلقہ محکموں کو ہر قسم کی معاونت کی فوری فراہمی کی ہدایت کی۔

صدر مملکت نے شدید زلزلے سے متاثر علاقوں میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کی بلندیٔ درجات اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔

آزاد کشمیر اور دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں شدید زلزلے کے نتیجے میں خاتون سمیت 6 افراد جاں بحق اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے، زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5 اعشاریہ8 ریکارڈ کی گئی ہے، جس کی گہرائی زیرِ زمین 10 کلو میٹر تھی۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق سہ پہر 4 بج کر 2 منٹ پر آنے والے زلزلے کا مرکز جہلم کا شمالی علاقہ تھا۔

تازہ ترین