امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایران کے خلاف مزید فوجی کارروائیوں سے روکنے کی قرار داد امریکی سینیٹ میں آج پیش کی جائے گی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی سینیٹ میں آج دو جماعتی قرارداد پر ووٹنگ ہوگی، جس کا مقصد ٹرمپ انتظامیہ کے اُس اختیار کو محدود کرنا ہے کہ وہ کانگریس کی منظوری کے بغیر ایران کے خلاف فوجی کارروائیاں شروع نہ کر سکے۔
انٹیلی جنس کمیٹی کی بریفنگ کے بعد سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر چک شومر نے کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ جنگ کا جواز ہر گھنٹے بدل رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کبھی رجیم چینج کی بات کی جارہی ہے تو کبھی نیوکلیئر ہتھیار، کبھی میزائل، کبھی اپنا دفاع اور کبھی جارحیت۔
ان کا کہنا ہے کہ اگر جواز بار بار تبدیل کیا جارہا ہے تو اس کا مطلب ہے کہ کوئی حکمت عملی ہے ہی نہیں۔
ڈیموکریٹک سینیٹر الزبتھ وارن نے کہا ہے کہ یہ غیرقانونی جنگ ہے جو جھوٹ پر مبنی ہے۔ جنگ ختم کرنے کے لیے ہر اقدام کریں گے۔
امریکا کے ڈیموکریٹک سینیٹر رچرڈ بلومینتھل نے امکان ظاہر کیا ہے کہ امریکا اپنی زمینی فوج ممکنہ طور پر ایران بھیجنے والا ہے۔