• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


فردوس عاشق اعوان کی جانب سے ایک تقریب میں زلزلے پر کیے جانے والے تبصرے سے سوشل میڈیا پر زلزلے کی کیفیت پیدا ہو گئی۔

اسلام آباد میں ہونے والی سوشل میڈیا کانفرنس میں وزیرِ اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان خطاب کر رہی تھیں کہ زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوئے۔

انہوں نے اس صورت حال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ نشانی ہے کہ جب کوئی تبدیلی آتی ہے، تو نیچے بیتابی ہوتی ہے، یہ تبدیلی کی نشانی ہے کہ زمین نے بھی کروٹ لی ہے کہ اس کو بھی اتنی جلدی یہ تبدیلی قبول نہیں ہے۔

وزیرِ اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات کے تبصرے پر سوشل میڈیا پر مختلف افراد نے شدید دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جبکہ کئی افراد نے اس تبصرے پر شدید تنقید کی۔

سوشل میڈیا پر ہدف تنقید بننے کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر فردوس عاشق اعوان نے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ میری گفتگو کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کرنا افسوسناک ہے، تقریب میں سوشل میڈیا کے معاشرے پر اثرات کے تناظر میں بات ہو رہی تھی، اس موقع پر اچانک زلزلہ آگیا اور شرکائے محفل پریشان ہو گئے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ حاضرینِ محفل کا حوصلہ بڑھانے کے لیے سوشل میڈیا کے تناظر میں ہی جملے کہے تھے جنہیں غلط رنگ دے کر عوام کو گمراہ کرنے کی افسوسناک کوشش کی جا رہی ہے۔

تازہ ترین