• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر اعظم کے خطاب کی سوشل میڈیا پر دھوم

وزیر اعظم کے خطاب کی سوشل میڈیا پر دھوم

وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے جمعہ کے دن اپنے تاریخی خطاب میں دنیا کو درپیش مختلف مسائل پر جس عمیق اندازمیں گفتگو کی وہ عالمی ضمیر کو جھنجوڑ کر رکھنے کے مترادف قرار دیا جارہا ہے۔

اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ انکے خطاب کے درمیان اور خطاب کے بعد حاضرین نے کافی دیر تالیاں بجاکر انکے موقف کو نہ صرف سراہا بلکہ اسکی تائید بھی کی۔

یہ بھی پڑھیے: نیویارک: وزیراعظم کی7 روزہ مصروفیات ایک نظر میں

اپنے خطاب کے دوران انھوں نے جب عالم اسلام، بھارتی مسلمانوں ، کشمیریوں اوربرما کے روہنگیا مسلمانوں کی بے چارگی، و بے بسی اور مسائل کا ذکر کیا تو جنرل اسمبلی کے ہال میں ایک سکوت کا سا ماحول طاری ہوگیا تھا۔

انکے خطاب کے بعد دنیا بھر میں انکے شاندار انداز میں عالم اسلام اور مسلمانوں کے کیس کو پیش کرنے کو بڑی پذیرائی حاصل ہورہی ہے۔ سوشل میڈیا پر اس حوالے سے لاتعداد کمنٹس آرہے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے تاریخی خطاب کے حوالے سے ’عمران خان وائس آف کشمیر‘ عالمی پینل پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔

افواجِ پاکستان کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے وزیراعظم کے خطاب پر ٹوئٹ کیا کہ ’’27 فروری .........27 ستمبر‘‘۔


یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ 27 فروی 2019 کو بھارتی فوج کی جانب سے  جارحیت کے جواب میں پر پاک فضائیہ کے شاہینوں نے بھارت کے 2 طیارے مارے گرائے تھے جب کہ ایک پائلٹ ابھی نندن کو گرفتار کر لیا تھا۔

وزیراعظم کے پرانے ساتھی ، ورلڈکپ 1992 کی فاتح ٹیم کے اہم رکن رمیز راجہ نے انکے خطاب پر کہا کہ آپ نے انتہائی کامیابی سے یہ کام یا مشن پورا کیا ہے، جناب خان صاحب، یہ بہت شاندار ہے۔

ٹیلی ویژن کے معروف اداکار اور مارننگ شو ہوسٹ فیصل قریشی نے اس حوالے سے کہا کہ اس سے پہلے کسی نے بھی پاکستان بلکہ ایک ارب تیس کروڑ مسلمانوں کی نمائندگی اس انداز میں نہیں کی، جیسی کہ آج وزیراعظم عمران خان نے یواین جنرل اسمبلی میں کی۔

انھوں نے مزید کہا کہ ایک سچے رہنما نے آج خطاب کرکے ثابت کردیا کہ اسے عالم اسلام کی نمائندگی کا حق حاصل ہے۔اللہ تعالیٰ انھیں اپنے حفظ وامان میں رکھے اور انھیں انسانیت کی خدمت کے حوالے سے ان کی جو خواہش ہے اس میں کامیاب کرے۔

اسپورٹس جرنلسٹ زینب عباس نے کہا کہ نہایت ہی شاندار تقریر تھی۔


گلوکار اور ٹی وی میزبان فخر عالم نے کہا کہ جس طرح وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ انکے بھارت میں  بہت سارے دوست اور چاہنے والے موجود ہیں اسی طرح کا معاملہ میرے ساتھ بھی ہے۔

فخر عالم نے کہا کہ وزیراعظم کے کہنے کے مطابق بھارت میں انتہا پسند آر ایس ایس کی حکومت نے بھارت کا سفر ناممکن بنادیا ہے۔

بلوچستان کے وزیراعلیٰ اور بلوچستان عوامی پارٹی کے سربراہ جام کمال خان نے کہا کہ ماشااللہ آپ نے سچ کا بول بالا کیا اور آپ نے اپنی قوت ارادی سے پاکستانیوں کے سر فخر سے بلند کردیئے ہیں،جوکہ عظیم مدبروں کی علامت ہے۔

 ٹی وی اداکار حمزہ علی عباسی نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ اس نے ہمیں وزیراعظم عمران خان جیسا رہنما دیا۔

 عمران خان نے آج ثابت کردیا کہ وہ صرف پاکستانیوں اور کشمیریوں ہی کے لیڈر نہیں بلکہ وہ تمام مسلمانوں کے لیڈر ہیں اور انسانیت کے لیے سب سے بڑی آوازہیں۔

سابق میئر کراچی اور پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے یو این جنرل اسمبلی میں کشمیریوں کا کیس نہایت ہی بہترین انداز میں لڑا ہے، اس سے قبل کبھی اس انداز میں اسے پیش نہیں کیا گیا۔


انھوں نے دوسروں کے برخلاف اسلام فوبیا پر بات کرنے کی جرات کی، کسی دوسرے مسلمان لیڈر نے کبھی اس معاملے پر بات نہیں کی۔

تازہ ترین