بھارت میں خواتین کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیم نے مقبوضہ کشمیر میں خواتین کے غیر محفوظ ہونے اور مقبوضہ وادی میں بھارتی مظالم سے دنیا کو آگاہ کردیا۔
تنظیم کا کہنا ہے کہ بھارتی فورسز کے اہلکار رات کو گھروں میں داخل ہوکر خوف وہراس پھیلاتے ہیں، کشمیری خواتین ہر وقت آبروریزی اور چھیڑ چھاڑ کے خطرے سے دوچار رہتی ہیں، بھارتی فورسز کے خوف سے کشمیری اپنی خواتین اور بچوں کو رات میں محفوظ مقامات پر بھیج دیتے ہیں۔
مقبوضہ وادی کے چھ روزہ دورے کے بعد "خواتین کے خلاف جنسی تشدد اور ریاستی جبر" نامی بھارتی تنظیم کا اپنی رپورٹ میں کہنا ہے کہ وادی پر ایک سکوت کی کیفیت ہے، آزادی اظہار وادی میں مکمل ناپید ہے، چپے چپے پر تعینات بھارتی فورسز کے اہلکار کشیریوں کی ہر حرکت پر نظر رکھتے ہیں۔
خواتین کے حقوق کی تنظیم کا کہنا ہے کہ کشمیریوں کو اپنے سروں پر سوار بھارتی فورسز اہلکاروں کے تشدد کا خطرہ ہر گھڑی رہتا ہے، وادی کے لوگوں کی ذہنی، جذباتی اور نفسیاتی حالت انتہائی دگرگوں ہے، ہر کشمیری بھارت کے خلاف ہوچکا ہے اور بھارتی میڈیا سے سخت نالاں ہے جو وادی کی درست رپورٹنگ نہیں کررہا۔
تنظیم نے بھارت سے مطالبہ کیا کہ حکومت کشمیریوں کی آواز سنے، ان کی داد رسی کرے اور جرائم میں ملوث بھارتی فورسز کے اہلکاروں کو انصاف کے کٹہرے میں لائے۔