• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تحریر: عالیہ کاشف عظیمی

ماڈل: ڈاکٹر فاریہ اسلم

ملبوسات: FARIYA'S WARDROBE

آرایش: ماہ روز بیوٹی پارلر

عکّاسی: ایم کاشف

لے آؤٹ: نوید رشید

امجد اسلام امجدکی ایک نظم ہے؎’’تم مجھے اچھی لگتی ہو…بس تم مجھے اچھی لگتی ہو…تم اتنی سُندر ہو کہ نہیں…تمہیں اِک نظر جو دیکھے وہ…سُدھ بُدھ بھولے، مدہوش رہے…بس تم مجھے اچھی لگتی ہو…تم ہنس دو، تو موسم بدلیں…تم جاگو ،تو دُنیا جاگے…جھلمل جھلمل منظر ہوں سب…اور نہ سُوجھے کچھ آگے…بس تم کو دیکھیں، دیکھتے جائیں…معلوم نہیں تم اتنی پیاری،اتنی سُندر ہو کہ نہیں…بس تم مجھے اچھی لگتی ہو‘‘۔تو،یہ تو طے ہے کہ بعض صُورتیں پیاری ہوں، نہ ہوں،مگر پَل بَھر میں مَن مندر میں ایسے بَس جاتی ہیں کہ پھر نگر نگر ،ڈگر ڈگر بس اِک وہی صُورت دکھائی دیتی ہے کہ حُسن تو دیکھنے والی نگاہ میں ہوتا ہے۔ ایسے دِل رُبا، ڈھول پیا محبوب کا خیال ہر لمحہ جگمگاتا اور فضائوں میں رنگ بکھیرتا رہتا ہے۔ اور…اگر کہیں وہی مَن موہنی ،دِل کش، پَری وش خوش نما پیراہن سے بھی آراستہ و پیراستہ ہوجائے، تو پھر تو سونے پر سہاگے والی بات ہوجائے۔تو لیجیے، آج کی بزم ایسی ہی پریوں کے لیے کچھ حسین و دِل کش اور جدّت و ندرت سے بَھرپور ملبوسات سے سجی ہے۔

ذرا دیکھیے، توفون رنگ میں ڈبل لیئر میکسی کا خُوب صُورت سا انداز کیسا پیارا لگ رہا ہے۔میکسی کا اِنر پلین، تو اَپر بھاری کام دار ہے،جب کہ کنٹراسٹ میں سُرخ رنگ آنچل بھی خُوب قیامت ڈھارہا ہے۔پھر نیٹ کی گہرے نیلے رنگ کی گھیردار اسٹائلش سی میکسی کے بھی کیا ہی کہنے۔ بنارسی فیبرک میں فون رنگ شرارے کے ساتھ بھاری کام دار پیپلم ہے۔شرارے کے گھیر پر ریڈی میڈ لیس سے آرایش کی گئی ہے، تو پیپلم پر سلمے ،دبکے،موتیوں اور نگوں کا انتہائی نفیس کام ہے، جب کہ نیٹ کے دوپٹے کے اطراف عنّابی رنگ گوٹ کے ساتھ لیس کی آرایش اور کہیں کہیں موتیوں کی بالز خوش گوار تاثر دے رہی ہیں۔بلڈ ریڈ کلر میں شِمر اور سِلک مِکس فیبرک میں ڈبل لیئر سائیڈ ٹیل میکسی کا منفرد انداز بھی کمال ہے۔ میکسی کا اِنر پلین سِلک فیبرک میں، تو اَپر پھول دار شِمر فیبرک میں ہے،جب کہ خُوب گھیر دار آستینوں پر کہیں کہیں پڑے چَھن بھی بھلے لگ رہے ہیں۔ اِسی طرح عنّابی، میجنٹا اور فون رنگوں کے حسین امتزاج سے مرصّع جدید طرز پہناوا بھی خُوب تر ہے۔ توکہیے، حُسن و دِل کشی اور روایت و جدّت کا یہ شان دار امتزاج آپ کو کیسا لگا؟

تازہ ترین
تازہ ترین