وزیرِ اعظم عمران خان سے دورۂ چین کے پہلے روز چینی سرمایہ کاروں نے ملاقات کی ہے۔
پاکستانی وفد سے چین کی توانائی، تعمیرات، ریئل اسٹیٹ، تعمیراتی سامان، کیمیکل فائبر، کان کنی، ای کامرس اور انٹیلی جنٹ مینوفیکچرنگ کمپنیوں کے سربراہان نے ملاقات کی۔
یہ بھی پڑھیئے: آرمی چیف سرکاری دورے پر چین پہنچ گئے
کمپنیوں کے سربراہان نے وزیرِ اعظم عمران خان سے پاکستان میں سرمایہ کاری سے متعلق امور پر تبادلۂ خیال کیا۔
ان ملاقاتوں میں شاہ محمود قریشی، خسرو بختیار، شیخ رشید اور رزاق داؤد بھی شریک ہوئے۔
اس سے قبل وزیرِ اعظم عمران خان چین کےسرکاری دورے پر بیجنگ پہنچے، جہاں ایئر پورٹ پر چینی وزیرِ ثقافت لوشوگنگ نے ان کا استقبال کیا۔
اس موقع پر پاکستان میں چینی سفیر یاؤ جنگ اور چین میں پاکستانی سفیر نغمانہ ہاشمی بھی ایئر پورٹ پر موجود تھیں۔
وزیرِ اعظم عمران خان کے ہمراہ وفاقی وزراء شاہ محمود قریشی،خسرو بختیار، شیخ رشید، رزاق داؤد کے علاوہ چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ زبیر گیلانی بھی ہیں۔
دورے کے دوران چینی قیادت سے علاقائی اور دو طرفہ اہمیت کے امور پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
وزیرِ اعظم عمران خان چین کے صدر شی جن پنگ اور وزیرِ اعظم لی کی چیانگ سے الگ الگ ملاقاتیں بھی کریں گے۔
دونوں ممالک کے وزرائے اعظم کے مابین اس موقع پر بہت سے معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر بھی دستخط کیے جائیں گے۔
صدر شی جن پنگ اور وزیر اعظم لی کی چیانگ وزیرِ اعظم عمران خان کے اعزاز میں الگ الگ استقبالیہ دیں گے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی چین کے دورے پر ہیں جو وزیرِ اعظم عمران خان کے ہمراہ چینی صدر اور وزیرِ اعظم سے ملاقاتیں کریں گے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا یہ بھی کہنا ہے کہ آرمی چیف دورے کے دوران چین کی عسکری قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔