• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جناح اسپتال میں ٹیمپورل بون ڈائی سیکشن کیلئے اسکلز لیب قائم

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جناح اسپتال کراچی میں ٹیمپورل بون ڈائی سیکشن کے لئے اسکلز لیب قائم کر دی گئی ۔ یہ صوبے کے کسی بھی سرکاری اسپتال میں ٹیمپورل بون ڈائی سیکشن کے لئے پہلی اسکلز لیب ہے جس کا افتتاح جناح اسپتال کے سابق ڈائریکٹر ڈاکٹر محفوظ الحسنین جلیسی نے کیا ۔ اس سلسلے میں ایک تقریب نجم الدین آڈیٹوریم میں منعقد کی گئی ۔جس سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر سمیر رئیس الدین قریشی نے بتایا کہ کان کے مختلف امراض اورانفیکشن پاکستا ن میں عام ہیں، کئی بار بیماری کی پیچیدگیوں کے باعث انفیکشن دماغ تک پھیل جاتا ہے ۔ ایسی صورت میں آپریشن کرنا پڑتا ہے لیکن بدقسمتی سے پاکستان میں بہت کم سرجنز ایسے آپریشن کی مہارت رکھتے ہیں جس کی بنیادی وجہ اسکلز لیب اور سرجیکلز ٹریننگ پروگرام کا فقدان ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ اس ضرورت کے پیش نظر جناح اسپتال کے ای این ٹی ہیڈ اینڈنیک سرجری ڈیپارٹمنٹ نے پہلی لیب کا افتتاح کر دیا ہے جس کے تحت بین الاقوامی اور قومی ماہرین کی زیر نگرانی سال میں 10ورکشاپس منعقد کرائی جائیں گی اورنئے سرجن اس سے مستفیض ہو سکیں گے۔ تقریب میں ماہرین میں جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر طارق رفیع، پروفیسر اقبال احمد قریشی، پروفیسر سلمان مطیع اللہ، پروفیسر سلیم معرفانی، پروفیسراصغر نظامی، پروفیسر ناصر، پروفیسر اقبال حسین، پروفیسر شجاع فرخ، پروفیسر مبشر اکرام، پروفیسر اسماعیل ایرانی، پروفیسر شاہین ملک، ڈاکٹرسعید اختر، ڈاکٹر محمد رزاق ڈوگر، ڈاکٹر جاوید جمالی، ڈاکٹر ہرتمینہ خان ودیگر شامل تھے۔

تازہ ترین