شمالی انگلینڈ اور اسکاٹ لینڈ میں شدید برفباری کی پیشگوئی کیساتھ 20 گھنٹے کا یلو الرٹ جاری کر دیا گیا۔
کئی روز کی بارشوں کے سلسلے کے بعد شدید برفباری کے پیش نظر جہاں حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جا رہے ہیں وہیں مسافروں اور عام شہریوں کو بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
برطانوی محکمہ موسمیات میٹ آفس کی طرف سے جاری کردہ الرٹ کے مطابق آئندہ 20 گھنٹوں میں شدید برفباری کا امکان ہے، مجموعی طور پر رواں سال شدید بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال کا سامنا رہا جس سے کئی علاقوں میں املاک بھی متاثر ہوئیں۔
محکمہ موسمیات نے پیشگوئی میں کہا ہے کہ برفباری کے باعث سفری مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔
برطانیہ میں اونچائی کی سطحوں اور پھسلن والے علاقوں، سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر محتاط انداز اپنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اسکاٹ لینڈ اور شمالی انگلینڈ سمیت یوکے ہیلتھ سیکیورٹی ایجنسی کی طرف سے شمالی انگلینڈ اور مڈ لینڈز کیلئے بھی یلو وارننگز جاری کی گئی ہیں۔
یہ وارننگز صبح سے سوموار تک برقرار رہیں گی انگلینڈ کے تقریباً 90 مقامات پر بارشوں سے سیلابی صورتحال کے جنم لینے کی بھی وارننگز ہیں۔