• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کو کشمیریوں کی امنگوں پر پورا اترنا ہوگا، مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے دو ٹوک موقف اختیار کیا جائے، رفعت عزیز

برمنگھم(پ ر) ممبر آزاد کشمیر اسمبلی جماعت اسلامی شعبہ خواتین کی سربراہ رفعت عزیز نے کہا ہے کہ عالمی امن اور انسانی حقوق کے علمبرداروں کو مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے مظالم اور دہشت گردی نظر نہیں آتی دو ماہ سے مسلسل کرفیو، کشمیر عوام کا قتل عام،عزتوں کی پامالی کے علاوہ گھروں میں قبرستان آباد ہو رہے ہیں ان پر کسی کی توجہ نہیں، کشمیری کے لئے امن کے تمام راستے بند کردیئے گئے ہیں عالمی برادری کی بے حسی اور عدم دلچسپی کے نتیجے میں پائی جانے والی کشیدگی میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے، اقوام متحدہ اور سیکورٹی کونسل نے موجودہ حالات میں جس طرح خاموشی اختیار کر رکھی پاکستان کی تمام امن کوششوں کے باوجود اس خطے میں جنگ کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک کشمیر برطانیہ کی جانب سے ان کے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے جنرل اسمبلی کے اجلاس میں دنیا کی توجہ مبذول کرائی ہے آزاد کشمیر اور پاکستان کے عوام کا حکومت پاکستان پر شدید دبائو ہے کہ کشمیریوں کو تنہا نہ چھوڑا جائے۔حکومت کو عملی اقدامات کرنے کے لئے واضح اور دو ٹوک پالیسی اختیار کرنی ہوگی اور پاکستان کو کشمیریوں کی خواہشات اورامنگوں پر پورا اترنا ہوگا ورنہ یہ حالات اورموقع نہیں ملے گا۔ تقریب کی صدارت جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے سابق جنرل سیکرٹری محمود الحسن چوہدری نے کی اور انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام ان مشکل اور نامساعد حالات میں بھی جدوجہد جاری رکھنے کا عزم اور استقامت کا مظاہرہ کررہے ہیں، بھارت اس قدر خوفزدہ ہے کہ 90سال کے بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی کے گھر کو جیل خانہ بنا رکھا ہے۔ تحریک کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب نے کہا کہ اقوام متحدہ اور سیکورٹی کونسل نے مسئلہ کشمیر حل کرنےکی بجائے کہا ہے انڈیا اور پاکستان آپس میں مذاکرات سے مسئلہ حل کریں، پاکستان کو عالمی برادری نے اب اجازت دے دی ہے وہ کشمیریوں کو بھارت کے غاصبانہ قبضہ سے آزاد کرائے۔ تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی نے کہا کہ سیاسی اورسفارتی محاذ پر بھارت بری طرح بے نقاب ہوچکا ہے، دنیا کا کوئی ایسا ملک نہیں جو کشمیر کو بھارت کا اٹوٹ انگ قرار دے اور بھارت کے موقف کی حمایت کرے۔ تقریب سے تحریک کشمیر برطانیہ کے نائب صدر مفتی عبدالمجید ندیم، برمنگھم کے صدر راجہ قمر عباس، سینئررہنما سردار آفتاب احمد خان نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں مختلف سیاسی اور سماجی رہنما عبدالکریم ثاقب، حافظ محمد ادریس، افتخار جگنو، مولانا محمدسجاد، اعظم فاروق، مجاہد حسین، خواجہ نثار احمد سمیت خواتین نے شرکت کی۔

تازہ ترین