• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عبدالرشید غازی قتل کیس، مشرف کی درخواست مسترد

اسلام آباد ہائی کورٹ نے عبدالرشید غازی قتل کا مقدمہ خارج کرنے کی سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کی درخواست مسترد کر دی۔

پرویز مشرف کی درخواست کی سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نے کی جنہوں نے کیس میں دلائل سننے کے بعد فیصلہ دیا۔

عدالتِ عالیہ کے چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نے استفسار کیا کہ پرویز مشرف کے خلاف 2013ء میں ایف آئی آر درج ہوئی تھی تو اب یہ کیس کس اسٹیج پر ہے؟

یہ بھی پڑھیئے: پرویز مشرف کی سیاست میں واپسی متوقع

سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ کیس کا چالان 2014ء میں عدالت میں جمع ہوا تھا۔

چیف جسٹس نے پوچھا کہ تاحال ٹرائل کیوں مکمل نہیں ہوا؟ پرویز مشرف عدالتی مفرور تو نہیں ہیں؟

سرکاری وکیل نے جواب دیا کہ معلوم نہیں کہ ٹرائل ابھی تک کیوں مکمل نہیں ہوا ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے فیصلہ سناتے ہوئے سابق صدر پرویز مشرف کی عبدالرشید غازی قتل کا مقدمہ خارج کرنے کی درخواست مسترد کر دی۔

واضح رہے کہ 2007ء میں ہوئے فوجی آپریشن میں نائب خطیب لال مسجد اسلام آباد مولانا غازی عبدالرشید ہلاک ہوئے تھے۔

جولائی 2013ء میں عدالتِ عالیہ کی جانب سے اسلام آباد پولیس کو ہدایت کی گئی تھی کہ لال مسجد پر ہوئے اس فوجی آپریشن پر اگر سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے خلاف کوئی جرم بنتا ہے تو ان پر مقدمہ درج کیا جائے۔

دوسری جانب اسلام آباد کی ایک عدالت اسی کیس میں سابق صدر کے قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر چکی ہے۔

تازہ ترین