• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نوشینہ شاہین سائوتھ ایشیا ڈیلیگیشن کی چیئر پرسن منتخب

پاکستانی نژاد برطانوی رکن یورپین پارلیمنٹ بیرونس نوشینہ شاہین مبارک سی بی ای یورپین پارلیمنٹ میں سائوتھ ایشیا ڈیلیگیشن کی چیئر پرسن منتخب ہوگئیں۔

نوشینہ شاہین اسکاٹ لینڈ سے کنزرویٹو پارٹی کے ٹکٹ پر دوسری مرتبہ یورپین پارلیمنٹ کی رکن بنی ہیں جبکہ ان کی پارٹی یورپین پارلیمنٹ میں ECR  یعنی یورپین کنزرویٹوز اینڈ ریفارمسٹ گروپ کا حصہ ہے۔

آبائی طور پر نوشینہ شاہین کا تعلق پاکستان کے علاقے میاں چنوں سے ہے۔ پارلیمنٹ کا سائوتھ ایشیا ڈیلیگیشن چیئر اور وائس چیئر سمیت 26 ارکان پر مشتمل ہوتا ہے، جس میں ای یو پارلیمنٹ میں موجود تمام پارلیمانی گروپوں کی نمائندگی ہے۔

ڈیلیگیشن سائوتھ ایشیا اور آسیان ممالک کے ساتھ پارلیمانی روابط کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اپنے منتخب ہونے کی اطلاع گزشتہ شب نوشینہ مبارک ایم ای پی نے برسلز میں قومی میڈیا سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کے اعزاز میں دئیے گئے عشائیے میں دی۔

جس پر شرکاء نے انہیں مبارکباد پیش کی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اس موقع پر انہوں نے پاکستان میں ماحولیات کی بہتری کے لیے وزیراعظم عمران خان کی کوششوں پر تحسین کا اظہار کرتے ہوئے مستقبل میں ان میں شامل ہونے کا عندیہ دیا۔

شرکائے عشایہ میں پریس منسٹر سلطانہ رضوی ، سید شکیل حیدر، خالد حمید فاروقی، عمران ثاقب چوہدری، ندیم بٹ، مزمل مان ، مرزا عمران بیگ ، عظیم ڈار، مسعود ملک، رشید احمد ، راقم الحروف اور دیگر موجود تھے۔

تازہ ترین