• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جے یو آئی کا آزادی مارچ ، مولانا فضل الرحمٰن کی سعودی سفیر سے اہم ملاقات

اسلام آباد (صالح ظافر) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما مولانا فضل الرحمان نے پاکستان میں متعین سعودی سفیر ایڈمرل (ر) نواف بن سعید المالکی سے جمعرات کو سعودی سفارتخانے میں اہم ملاقات کی۔ اس حوالے سے دونوں جانب سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا لیکن ذرائع نے دی نیوز کو بتایا ہے کہ سعودی سفیر سے دوپہر کو ایک اعلیٰ سرکاری عہدیدار نے بھی ملاقات کی تھی۔ سعودی سفیر کی ان ملاقاتوں کو اس لحاظ سے بھی اہمیت حاصل ہوگئی ہے کہ حکومت جے یو آئی (ف) کے رہنما کو اسلام آباد کی جانب رواں ماہ کے آخر میں آزادی مارچ اور اس کے بعد دھرنے سے روکنے کیلئے ہر ممکن طریقہ اختیار کر رہی ہے جس میں ایسے غیر ملکی نمائندوں سے روابط بھی شامل ہیں جن کے مولانا کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں۔ سعودی سفیر نے مولانا فضل الرحمان اور دیگر سے ملاقات کی تاکہ میزبان ملک کی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا جا سکے۔ وہ پیر کو سعودی عرب کے شہر ریاض سے اسلام آباد پہنچے تھے اور امکان ہے وہ جمعہ کو سعودی عرب روانہ ہو جائیں گے اور اپنی جائزہ رپورٹ سعودی حکام کو پیش کریں گے۔ وزیراعظم عمران خان بھی اتوار (13؍ اکتوبر) کو سعودی عرب کے دو روزہ دورے کیلئے روانہ ہو رہے ہیں جہاں وہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور کچھ دیگر اہم سعودی شاہی شخصیات سے ملاقات کریں گے۔ وزیراعظم کے ساتھ اعلیٰ شخصیات بھی جائیں گی۔ ذائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور حکمران جماعت کے عہدیدار مولانا کے ساتھ تصادم کا راستہ اختیار نہیں کرنا چاہتے۔ یہ کہنا مناسب ہوگا کہ سعودی عرب پاکستان میں مخالف سیاسی جماعتوں کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کر رہا ہے۔

تازہ ترین