• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آزادی مارچ ، جے یو آئی کا شرکاء کیلئے ہدایت نامہ جاری

پشاور( گلزار محمد خان) جمعیت علمائے اسلام(ف) نے 27 اکتوبر کے آزادی مارچ کے حوالے سے پارٹی عہدیداروں، کارکنوں اور شرکا کو ہدایات جاری کردی ہیں، مارچ کے شرکا کو بستر، دو جوڑے کپڑے، خشک میوہ جات، بنے چنے، ایک عدد چھتری، ہینڈ ٹارچ، موبائل چارجر، ایک عدد اضافی موبائل بیٹری اپنے پاس رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے، ہر ضلعی جماعت راستوں میں رکاؤٹیں دور کرنے کیلئے کرین،ایمبولینس ایک یا دو ڈاکٹروں اورفسٹ ایڈ کا بندوبست کرے گی، مدارس کے طلبا اپنے ساتھ درسی کتب اور قرآن کریم بھی لائیں تاکہ اسباق اور تلاوت میں ناغہ نہ آئے، کارکن گھر میں دعاؤں اور خواتین کو روزوں کی بھی تلقین کریں۔ جمعیت علمائے اسلام خیبر پختونخوا کی جانب سے جاری کردہ ہدایت نامہ میں کہا گیا ہے کہ صوبائی جماعت 27اکتوبر کوکشمیری عوام کیساتھ یکجہتی کیلئے آزادی مارچ کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس میں بھر پور شرکت کی عہد کرتی ہے اور اپنی شرکت کو منظم کرنے کیلئے تمام اضلاع ، تحصیلوں اور یونین کونسلوں کے بنیادی اراکین کو مندرجہ ذیل ہدایات پر عمل کرنے کی تلقین کرتی ہے،تمام حضرات آج سے قرآن کریم کی باقاعدہ تلاوت، ذکرواذکار، نوافل کا اہتمام کریں، ہر باجماعت اور انفرادی نمازوں کے بعد خصوصی دعائوں کا اہتمام کریں، نیز ختم قرآن اور ختم سورۃ یسین کی پابندی کریں،ہر مدرسہ جو شہر میں ہو اپنے مدرسے میں مہمانوں کیلئے مسجد یا بڑے ہال و غیرہ کو صاف کر کے خالی کریں،اپنے مدرسے کی حمام وغیرہ کو بھی صاف رکھیں،ہر مدرسہ کوشش کریں کہ اپنے مدرسہ میں ٹیلی فون اور وائی فائی کا بندوبست کریں تاکہ بوقت ضرورت کام آ سکے،ہر مدرسہ میں مہمانوں کی رہائش اور کھانے کا بندوبست بھی کیا جائے،ضلع ، تحصیل اور یونین کونسل کے ذمہ دار ساتھی فی الحال یک طرفہ گاڑی کا بندوبست کریں البتہ واپسی کیلئے گاڑی کے ڈرائیور کا نمبر اپنے ساتھ رکھیں،ہر ضلعی جماعت اپنے ضلع میں پرائیویٹ کانٹین لگانے والوں سے بھی رابطہ کریں اور نہایت کم قیمت پر کارکنوں کو کھانا فراہمی کی بات کریں،ہر گاڑی میں کسی ذمہ دار شخص کو امیر مقرر کیا جائے اور امیر اپنی گاڑی میں موجود ارکان کے نمبرز اپنے پاس رکھیں ، گاڑی روانہ ہونے پر اپنے تمام ساتھیوں کی ویڈیو بنا کر اپنے پاس محفوظ کریں،کوئی اضافی سواری بغیر تصدیق اپنے ساتھ نہ بٹھائیں،موسم کے مطابق بستر، دو جوڑے کپڑے، خشک میوہ جاتاوربنے ہوئے چنے اپنے پاس رکھیں،اپنی سہولت کیلئے ایک عدد چھتری، ہینڈ ٹارچ، موبائل چارجر، ایک عدد اضافی موبائل بیٹری اور چارجنگ کے مزید ذرائع اپنے پاس رکھیں،ہر ضلعی جماعت راستے میں رکاوٹیں دور کرنے کیلئے ایک عدد کرین اور ایمبولینس بمعہ ایک یا دو ڈاکٹرز اور فسٹ ایڈ کا بندوبست کریں،ہر گاڑی میں پینے کیلئے پانی کا بندوبست کریں اور اپنے پاس نمک بھی ضرور رکھیں،ضلعی، تحصیل اور یونین کونسل عہدیداران کے نمبرز اپنے پاس رکھیں تاکہ بوقت ضرورت کام آسکے،اگر کچھ ساتھی اپنے خیمے اور کھانے کا بندوبست کرنا چاہتے ہیں وہ اجتماع سے ہٹ کر خیمہ لگائیں لیکن گیس سلنڈر کے استعمال سے اجتناب کریں،کوئی ساتھی کسی ضرورت یا نماز کیلئے گاڑی سے اترے تو زیادہ دور جانے کی کوشش نہ کریں،ہر ضلعی جماعت راستے میں ایک گاڑی پر سائونڈ کا بھی اہتمام کریں،انصار اسلام کے کارکن بھی اپنے عہدیداروں کے نمبرز اپنے ساتھ رکھیں،اپنے ساتھ بزرگ علما کرام، شیوخ حضرات کی انتہائی ادب و احترام کریں،مدارس کے طلبہ کرام اپنے ساتھ درسی کتب اور قرآن کریم بھی ہمراہ لائیں تاکہ اسباق اور تلاوت میں بھی ناغہ نہ ہو سکے،ہر یونین کونسل کا سالاراپنے پانچ رضا کاروں کو صوبہ ارسال کریں اور باقی پانچ قافلے کا نظم اپنے پاس رکھیں،ہر گاڑی کا امیر نماز کے لئے صفوں کا بندوبست کریں۔

تازہ ترین