• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نوکریوں کے لیے حکومت کی طرف نہیں دیکھنا، فواد چوہدری

نوکریوں کے لیے حکومت کی طرف نہیں دیکھنا، فواد چوہدری


وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ یہ بات اچھی طرح ذہن نشین کرلی جائے کہ آپ نے نوکریوں کےلیے حکومت کی طرف نہیں دیکھنا۔

اسلام آباد میں تقریب سے خطاب میں فواد چوہدری نے کہا کہ حکومت تو 400 محکمے ختم کرنے جارہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اِس بات پر زور ہے کہ حکومت نوکریاں دے لیکن لوگوں کے ذہنوں میں ڈالنا بہت ضروری ہے کہ نوکریوں کے لیے حکومت کی طرف نہیں دیکھا جاسکتا۔

وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ نوکریاں پرائیویٹ سیکٹر دیتا ہے، حکومت کا کام صرف سازگار ماحول پیدا کرنا ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ لوگ حکومت کی طرف نوکریوں کے لیے دیکھنا شروع کردیں تو معیشت کا فریم ورک بیٹھ جائے گا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ یہ 70 کی دہائی کی سوچ تھی کہ نوکریوں کے لیے حکومت کی جانب دیکھا جائے، اب نجی شعبہ نوکریاں دیتا ہے۔

وفاقی وزیر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے بیان کی وضاحت بھی کی اور کہا کہ میں حیران ہوں کہ ہر بیان کو کیسے سیاق و سباق کے بغیر سرخی بنادیا جاتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں نے کہا تھا کہ نوکریاں حکومت نہیں پرائیویٹ سیکٹر دیتا ہے، حکومت نے ماحول پیدا کرنا ہوتا ہے، تاکہ نوکریاں ہوں، یہ نہیں کہ ہر شخص سرکاری نوکری ڈھونڈے۔

یاد رہے کہ موجودہ وزیراعظم عمران خان اپنے انتخابی جلسوں میں ایک کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھر بناکر دینے کا اعلان کرتے رہے ہیں۔

نوکریاں اور گھر دینے کی بات تحریک انصاف کے منشور میں بھی شامل ہے، کئی وفاقی وزراء بھی ٹی وی ٹاک شوز میں ایک کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھر دینے کے اعلان پر عمل درآمد کی بات کہہ چکے ہیں۔

تازہ ترین