• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ چترال پہنچ گئے

شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ چترال پہنچ گئے


پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے برطانوی شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ شہزادی کیٹ مڈلٹن چترال پہنچ گئے۔

برطانوی شاہی جوڑا آج صبح 8 بجے چترال کے لیے اسلام آباد سے روانہ ہوا تھا۔

چترال پہنچنے پر مقامی افراد نے شاہی جوڑے کو تحائف دیے، اس موقع پر شہزادی کیٹ نے چترالی ٹوپی اور شال زیب تن کی جب کہ شہزادہ ولیم نے چترالی کوٹ پہنا۔

برطانوی شہزادہ اور شہزادی چترال سٹی پہنچنے کے فوری بعد بروغل روانہ ہو گئے۔

برطانوی شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن چترال میں بروغل کے علاوہ ویلیج بمبوریت کا دورہ بھی کریں گے، وہ وہاں حسین مقامات کے ساتھ ساتھ خوبصورت گلیشئرز کا نظارہ بھی کریں گے۔

شاہی جوڑا کل لاہور جائے گا

ذرائع کے مطابق برطانوی شاہی جوڑا (کل) 17 اکتوبر جمعرات کو لاہور کا دورہ کرے گا، شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ جمعرات دن 12 بجے لاہور ایئر پورٹ پر گورنر پنجاب چوہدری سرور اور وزیرِاعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ملاقات کریں گے۔

یہ بھی پڑھیئے: برطانوی شاہی جوڑے کا گرلز کالج اور مارگلہ ہلز کا دورہ

برطانوی شاہی جوڑا ساڑھے 12 بجے ایس او ایس چلڈرن ویلیج جائے گا جبکہ ڈیڑھ بجے دن نیشنل کرکٹ اکیڈمی کا دورہ کرے گا۔

ذرائع کے مطابق شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ 3 بجے دن لاہور کی بادشاہی مسجد جبکہ ساڑھے 4 بجے شوکت خانم اسپتال کا دورہ بھی کریں گے ۔

برطانوی شاہی جوڑا لاہور سے شام 5 بجے واپس اسلام آباد کے لیے روانہ ہو گا۔

وزیر اعظم کی شاہی جوڑے سے ملاقات کا اعلامیہ جاری

وزیرِ اعظم عمران خان سے شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن کی ملاقات کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان نے شاہی جوڑے کا پرتپاک استقبال کیا۔

شاہی جوڑے نے وزیرِ اعظم کی موسمیاتی تبدیلی اور تعلیم پر آگاہی فراہم کرنے پر تعریف کی۔

وزیرِ اعظم نے معزز مہمانوں کو افغانستان میں امن اور مفاہمت کے لیے کوششوں سے متعلق آگاہ کیا۔

اعلامیے کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ لیڈی ڈیانا کے لیے پاکستانی عوام کے دل میں پیار اور خلوص ہے، لیڈی ڈیانا نے انسانی ہمدردی اور خیراتی کاموں کی وجہ سے عزت پائی۔

اعلامیے کے مطابق شاہی جوڑے کی وزیرِ اعظم سے ملاقات پرجوش اور خوشگوار ماحول میں ہوئی، اس موقع پر برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو بھی موجود تھے۔

ملاقات کے دوران شہزادی ڈیانا کے دورۂ پاکستان کا بھی ذکر ہوا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے برطانوی شاہی جوڑے کو خطے کی صورتِ حال اور پاکستانی نقطہ نظر سے آگاہ کیا، انہوں نے 5 اگست کے بعد بھارت سے تعلقات کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔

اعلامیے کے مطابق شاہی جوڑے نے پرتپاک استقبال کرنے پر پاکستان سے اظہارِ تشکر کیا اور کہا کہ پاکستان برطانیہ کے لیے بہت اہم ملک ہے۔

اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے مہمانوں کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔

تازہ ترین