ورلڈ بیچ گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے والے ریسلر انعام بٹ قطر سے وطن واپس پہنچ گئے، لاہور ایئر پورٹ پر ان کا ڈھول کی تھاپ پر استقبال کیا گیا۔
انعام بٹ نے دوحہ میں ہونے والے اینوک ورلڈ بیچ گیمز میں جارجیا کے پہلوان کو شکست دے کر گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔
لاہور ایئر پورٹ پر ریسلر انعام بٹ سینے پر طلائی تمغہ سجائے پہنچے تو ان کا شاندار استقبال کیا گیا، ڈھول کی تھاپ، پھولوں کے ہار اور انعام بٹ زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے گئے۔
ایئر پورٹ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ریسلر انعام بٹ نے کہا کہ وہ اس عزم کے ساتھ گیمز میں گئے تھے کہ میڈل کو کشمیری بہن بھائیوں کے نام کریں گے جن پر بھارت کی جانب سے بہت ظلم و ستم کیا جا رہا ہے۔
انعام بٹ کا کہنا ہے کہ وسائل نہ ہونے کے برابر ہیں، ساؤتھ ایشین گیمز کے لیے کیمپس کا انعقادہونا چاہیے تاکہ زیادہ سے زیادہ میڈلز جیت سکیں۔