• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر اعظم کے استعفیٰ کا مطالبہ مضحکہ خیز ہے، پرویز خٹک

وزیر اعظم کے استعفیٰ کا مطالبہ مضحکہ خیز ہے، پرویز خٹک


مولانا فضل الرحمان کا دھرنا رکوانے کے لیے بنائی جانے والی حکومتی کمیٹی کے سربراہ پرویزخٹک کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے استعفے کا مطالبہ مضحکہ خیز ہے، اس پر بات نہیں ہوسکتی، وہ طاقت کے استعمال کے حق میں نہیں۔

پرویز خٹک نے کہا کہ کچھ مشترکہ دوستوں کے ذریعے مولانا فضل الرحمان کو پیغام بھجوایا ہے، مولانا صاحب اپنا ایجنڈا بتائیں اس کے بعد بیٹھ کر بات ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ کمیٹی کے نام ابھی فائنل نہیں ہوئے جبکہ حکومتی کمیٹی تمام اپوزیشن جماعتوں سے رابطے کرے گی، سیاست میں بات چیت کے دروازے ہمیشہ کھلے رہتے ہیں۔

پرویز خٹک نے کہا کہ ہماری پوری کوشش ہوگی کہ 27 اکتوبر سے پہلے معاملات حل ہوجائیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر کسی سیاسی انتشار سے بچا جائے جبکہ ملک دشمن عناصر سیاسی انتشار سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

پرویز خٹک نے کہا کہ پٹھان جرگے والے لوگ ہیں، پورا یقین ہے کہ مولانا صاحب ہمارے ساتھ بیٹھیں گے، میں طاقت کے استعمال کے حق میں نہیں ہوں، ایسے نہیں ہوسکتا کہ کوئی بھی بغیر ایشو کے چڑھائی کردے۔

انہوں نے کہا کہ امن وامان کے حوالے سے ذمہ داری وزارت داخلہ کی ہے، تاہم میرے خلاف طاقت استعمال کی گئی تھی جس کا اچھا نتیجہ نہیں نکلا۔

یہ بھی پڑھیے: حکومت کو گھر بھیجنا ضروری ہوگیا، احسن اقبال

واضح رہے کہ جمعیت علمائے اسلام ف کے امیر مولانا فضل الرحمان حکومت کے خلاف 27 اکتوبر سے آزادی مارچ کا اعلان کررکھا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے مولانا فضل الرحمان سے مذاکرات کے لیے وزیر دفاع پرویز خٹک کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی تھی۔

وزیراعظم نے تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ جے یو آئی کے ساتھ سیاسی حل کےلیے مذاکرات میں کوئی مضائقہ نہیں۔

مذاکرات کے لیے کمیٹی کے قیام پر ردعمل دیتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ مذاکرات کےلیے ان کے دل اور دروازے کھلے ہیں، اگر کوئی بات کرنا چاہتا ہے تو وزیراعظم عمران خان کا استعفیٰ ساتھ لے کر آئے۔

تازہ ترین