• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قرعہ اندازی کے ذریعے بھرتیاں غلط اقدام ہے، منظور رضی

اعجاز احمد/اسٹاف رپورٹر....ریلوے کے مزدوروں نے قرعہ اندازی کے ذریعے بھر تیوں کو غلط اقدام قرار دے دیا۔

اس حوالے سے ریلوے ورکرز یونین کےچیئرمین منظور احمد رضی کی زیرصدارت سٹی اسٹیشن پر ایک اجلاس ہوا، جس میں یونین کے جنرل سیکریٹری محمد نسیم راؤ اور ڈپٹی سیکریٹری امجد خان پٹھان کے ساتھ ساتھ دیگر عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔

منظور رضی نے وفاقی وزیر فواد چوہدری کے بیان کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں حکومتیں بے روزگار اور ہنر مند ملازمین کو ملازمتیں فراہم کرتی ہیں، خود وزیراعظم عمران خان نے اعلان کیا تھا کہ’’ہم ایک کروڑ ملازمتیں فراہم کریں گے۔‘‘

اس کے برعکس وفاقی وزیر فرماتے ہیں کہ یہ حکومت کی ذمے داری نہیں، محکمہ ریلوے میں بھرتیوں کے حوالے سے راولپنڈی کی عدالت کے فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قرعہ اندازی کے ذریعے بھرتیاں کرنا غلط اقدام ہے۔

وزیر ریلوے اور ریلوے انتظامیہ نے اعلان کیا تھا کہ تمام عارضی ایڈہاک اور ٹی ایل اے یعنی عارضی ملازمین جو 6 ماہ سے 6 سال تک ریلوے میں کم تنخواہ پر کام کررہے تھے، انہیں پہلے مرحلے میں مستقل کیا جائے گا مگر ایسا نہ ہوسکا اور اپنے من پسند افراد کو قرعہ اندازی کے مخصوص طریقے سے بھرتی کیا گیا جو سراسر غلط ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ سب سے پہلے کام کرنے والے کچے اور عارضی ملازمین کو مستقل کیا جائے، پھر بھرتیاں کی جائیں، پیرا کس نامی ادارہ محکمہ ریلوے میں ضم کیا جائے۔

تازہ ترین