• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بریڈفورڈ: یونٹی افطار میں بین المذاہب ہم آہنگی پر زور، مختلف کمیونٹی رہنماؤں کی بھرپور شرکت

— تصویر بشکریہ رپورٹر
— تصویر بشکریہ رپورٹر

بریڈفورڈ میں یوکے اسلامک مشن کے زیرِ اہتمام الحرا اسلامک سینٹر میں یونٹی افطار ڈنر کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف مذاہب اور ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ 

تقریب میں مقامی کونسلرز، یارکشائر پولیس کے نمائندے، گرجا گھروں کے اراکین، مقامی اسکولوں کے نمائندگان اور زندگی کے مختلف شعبوں سے وابستہ افراد شریک ہوئے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے حافظ محمد آزاد نے اسلام کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ دین اسلام میں کسی قسم کی زبردستی نہیں ہے۔ اسلام افکار کی آزادی کا درس دیتا ہے اور بلا تفریق ذات پات، مسلک اور علاقے کے تمام انسانوں کو یکساں اہمیت دیتا ہے۔

تقریب میں شریک مہمانوں نے مسلم کمیونٹی کے جذبۂ خیر سگالی کو سراہتے ہوئے کہا کہ مختلف مذاہب اور ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے افراد کے باہمی میل جول سے ذہنی ہم آہنگی پیدا ہوتی ہے، تعلقات مضبوط ہوتے ہیں اور ایک دوسرے کے عقائد کو بہتر طور پر سمجھنے کا موقع ملتا ہے۔

الحرا اسلامک سینٹر کی انتظامیہ نے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس تقریب کا مقصد بین المذاہب ہم آہنگی اور بھائی چارے کو فروغ دینا اور اسلاموفوبیا کے حوالے سے پائے جانے والے غلط تاثرات کو ختم کرنا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ مختلف مذاہب کے درمیان خوشگوار ماحول برقرار رکھنے اور بین المذاہب رواداری کے فروغ کے لیے ایسے پروگرام وقت کی اہم ضرورت ہیں۔

برطانیہ و یورپ سے مزید