• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم کا آزادی مارچ پر مذاکراتی ٹیم بنانا مضحکہ خیز‘اپوزیشن

لاہور(ایجنسیاں )وزیراعظم عمران خان کا آزادی مارچ پر مذاکراتی ٹیم بنانا مضحکہ خیز ہے ‘ فضل الرحمن کو جلسہ کرکے اسلام آباد سے واپس نہیں جاناچاہئے ۔ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب اورنیشنل پارٹی کے سربراہ میر حاصل بزنجو نےکیا۔مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم کا آزادی مارچ پر مذاکراتی ٹیم بنانا مضحکہ خیز ہے، اب خان صاحب کوڈیل ملے گی نہ ڈھیل، نہ ہی کوئی این آر او ملے گا، پاکستان کیلئے آواز اٹھانے والے کے شانہ بشانہ ہر جماعت کھڑی ہوگی۔اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نےکہاکہ نواز شریف نے یوتھ پروگرام کا 2013 میں افتتاح کیا، 14 مہینوں کے بعد عمران خان اس یوتھ پروگرام کانام بدل کر کامیاب نوجوان پروگرام کے نام سے پروگرام کا افتتاح کریں گے، حکمران اتنے نالائق ہیں کہ نواز شریف اور شہباز شریف کے منصوبوں کی تختیاں اور نام بدلنے کے لئے بھی انہیں 14 ماہ درکار ہیں۔ ان کا کہناتھاکہ عمران صاحب چھوٹی سوچ بڑی تقریر سے نہیں ہوتی اعمال سے ہوتی ہے۔ نوجوانوں کے روزگار کا ذریعہ سی پیک تھا جسے آپ نے تالا لگادیا‘نیا کاروبار کون کرے گا؟ عمران صاحب کی نالائقی کا کینسر کاروبار، دکان، صنعت اور فیکٹری کو بند کرچکا ہے۔

تازہ ترین