• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صحیح بخاری کے ترجمے پر علماء کا پیرزادہ امداد حسین کو خراج تحسین

انوٹنگھم شائر(ابرارمغل) مسلک اہلسنت کے عظیم ادارے جامع الکرم کے مہتمم اور نامور برطانوی عالم دین علامہ پیرزادہ محمد امداد حسین نے آٹھ سال کی مسلسل محنت اور جدوجہد سے امام بخاریؓ کی تصنیف صحیح بخاری کی شرح ومکمل ترجمہ تحریر کردیا ہے، دس جلدوں پر مشتمل یہ شرح پہلی مرتبہ سرزمین برطانیہ پر لکھی گئی ہے۔ اس عظیم دینی کارنامے پر برطانیہ بھر کے دینی و مذہبی حلقوں نے انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ جامع الکرم اٹین ہال نوٹنگھم شائر میں شرح کی افتتاحی تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب کی نگرانی صاحبزادہ معروف پیرزادہ نے کی جبکہ نظامت کے فرائض علامہ عمران ابدالی نے ادا کئے۔ اس موقع پر آستانہ عالیہ نیریاں شریف کے سجادہ نشین صاحبزادہ پیرنور العارفین صدیقی، پیرمحمد طاہر حسین قادری، علامہ صابر علی شاہ، علامہ ریاض الحسن پیرزادہ، قاری حفیظ الرحمٰن، حافظ عبدالرحمٰن سلطانی، حافظ علامہ میاں مالک، ڈاکٹر نصراللہ، حافظ محمد رفاقت، مولانا عرفان چشتی، علامہ مسعود عالم، علامہ ارشد مصبائی، علامہ قاری عاصم، علامہ قاری محمد دین سیالوی، علامہ ساجد رضوی، سید فاروق حسین شاہ، صاحبزادہ احسان نوشاہی، صاحبزادہ انوارالحق قادری، مفتی محمد ایوب اشرفی، امام شاہد تمیز، قاری طیب نقشبندی سمیت برطانیہ بھر سے جامع الکرم کے فارغ التحصیل علماء دین، مسلک اہلسنت کے مشائخ عظام اور مختلف آستانوں سے وابستہ روحانی شخصیات نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ علامہ پیرزادہ محمد امداد حسین نے شرکاء کی آمد پر نیک تمنائوں کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔ اس مکمل شرح کی آخری حدیث امام بخاریؓ کے مزاراقدس اور حجرۂ مبارک میں بیٹھ کر تحریر کی گئی ہے، علم حدیث کا یہ شاہکار فرزندان اسلام کی علمی و روحانی تسکین کے ساتھ ساتھ مغرب میں اسلام کا صحیح چہرہ پیش کرنے کیلئے معاون ثابت ہوگا۔ صاحبزادہ پیر نور العارفین صدیقی نے اس عظیم الشان کارنامے پر انہیں سراہتے ہوئے کہا کہ پیرزادہ محمد امداد کے قلم نے امت مسلم کیلئے ایسا کارنامہ سرانجام دیا جو آج تک سرزمین یورپ پر کوئی نہیں دے سکا۔ صحیح بخاری کی یہ شرح قیامت تک علم حدیث کے طالبعلموں کیلئے رہنمائی و رہبری کا منبع رہے گی۔ مقررین نے کہا کہ برطانیہ میں اسلام کے فروغ اور اپنی نوجوان نسل کے محفوظ مستقبل کیلئے ہمیں جامع الکرم کے ساتھ بھرپور تعاون کرنا ہوگا اپنی نوجوان نسل کو گمراہی کی بجائے جامع الکرم سے وابستہ کرکے ان کا مستقبل سنوارنا ہوگا۔
تازہ ترین