• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جامع مسجد غوثیہ آسٹن برمنگھم میں ایصال ثواب کی محفل کا انعقاد

برمنگھم (پ ر) جامع مسجد غوثیہ البرٹ روڈ آسٹن برمنگھم میں ایصالِ ثواب کی محفل منعقد ہوئی۔ محفل کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا جس کی سعادت قاری عاشق نے حاصل کی۔ نقابت کے فرائض مسجد ہذا کے خطیب علامہ نجم الدین نے سر انجام دیئے اور سیدنا غوث الاعظمؒ کی کرامات کا تذکرہ کیا۔ ہدیہ نعت بحضور سرور کونین ﷺ پیش کرنے کی سعادت قاری محمد بشیر خلیفہ شفیع اور وحید مراد کو حاصل ہوئی۔ مجلس کی صدارت مسجد ہذا کے صدر چوہدری حاجی محمد عظیم نے کی۔ انہوں نے اپنے صدارتی بیان میں کہا کہ ہمیں اپنی زندگیاں اولیائے کرام کے بتلائے ہوئے سنہری اُصولوں کے مطابق گزارنی چاہئیں۔ اس وقت ہندوستان نے مقبوضہ کشمیرمیں ہمارے بہن بھائیوں، معصوم بچوں اور بزرگوں پر ظلم و بربریت کی انتہا کر رکھی ہے۔ انٹرنیشنل کمیونٹی اور اقوام متحدہ کی اس مسئلہ کی طرف توجہ مبذول کروانے کے لئے 27اکتوبر2019ء کو10ڈائوننگ سٹریٹ لندن کے سامنے ایک بہت بڑا احتجاجی مارچ اور جلسہ کیا جائے گا، بھارتی سفارتخانہ تک مارچ کیا جائے گا۔ اس احتجاجی مارچ میں برطانیہ بھر سے ہزاروں کی تعداد میں کشمیریوں سے ہمدردی رکھنے والے افراد شرکت کریں گے۔ اس احتجاجی مارچ میں شرکت کے لئے تقریباً ہر مسجد سے کوچز جائیں گی۔ البرٹ روڈ مسجد سے بھی حاجی چوہدری محمد عظیم صدر آل کشمیر رابطہ کمیٹی کی قیادت میں کوچز لندن کے احتجاجی مارچ میں شرکت کے لئے روانہ ہوں گی۔ محفل سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے جانشین سلطانِ اہلسنت شیخ محمد بوستان قادریؒ کے صاحبزادے مولانا صاحبزادہ فاروق قادری سیکرٹری جنرل اسلامی شرعی کونسل برطانیہ نے اپنے خطاب میں والدین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جب بچے جوان ہو جائیں تو اُن کی مرضی کے مطابق شادیاں کر دینی چاہئیں۔ مولانا حافظ مفتی فضل احمد قادری نے کہا کہ اللہ کے دوست اللہ کی مرضی اور رضا پر شاکر رہتے ہیں۔ جو کام اللہ نے کرنے کا حکم دیا ہے وہ کرتے ہیں اور جس سے منع فرمایا ہے اُس سے باز رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اولیاء اللہ کے اس ظاہری دنیا سے پردہ فرما جانے کے بعد فیض جاری و ساری رہتاہے۔ محفل سے چوہدری منیر، حاجی عبدالرزاق (خزانچی)، حاجی محمد تعظیم جوائنٹ سیکرٹری، حاجی برکت، حاجی منگا، ہارون رزاق، چوہدری اکرام، سمیت کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ انتظامی اُمور کی نگرانی حاجی چوہدری محمد سعید نے کی۔ اختتام پر صلوٰۃ و سلام پڑھا گیا اور اجتماعی دعا کے بعد حاضرین میں لنگر تقسیم کیا گیا۔
تازہ ترین