• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ناقص کارکردگی سرفراز کو ہٹانے کی وجہ بنی، چیئرمین پی سی بی

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) احسان مانی کا کہنا ہے کہ سرفراز احمد کو پاکستان کرکٹ ٹیم کی قیادت سے ہٹانا مشکل فیصلہ تھا تاہم ان کی ناقص کارکردگی اور اعتماد میں کمی کے باعث ٹیم کی بہتری کے لیے یہ فیصلہ کرنا پڑا ہے۔

پی سی بی کی جانب سے جاری کیے گئے پریس ریلیز میں احسان مانی کا کہنا ہے کہ سرفراز احمد نے بطور کھلاڑی اور کپتان عمدہ کارکردگی دکھائی، وہ ایک بہادر کھلاڑی ہیں، امید ہے کہ وہ جلد قومی کرکٹ ٹیم کے رنگوں میں رنگے دکھائی دیں گے۔

احسان مانی نے کہا کہ وہ نئے ٹیسٹ کپتان اظہر علی اور نئے ٹی ٹوئنٹی قائد بابر اعظم کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ یہ کرکٹ میں سب سے اہم ذمہ داری ہے جو دونوں کھلاڑیوں کو مسلسل نمایاں کارکردگی دکھانے اور انتھک محنت کے نتیجے میں ملی ہے۔

چیئرمین پی سی بی نے یہ بھی بتایا کہ دونوں فارمیٹ میں پاکستان کے نائب کپتان کا فیصلہ جلد کر دیا جائے گا، جبکہ ون ڈے ٹیم کے قائد کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ اظہر علی کو ٹیسٹ چیمپئن شپ کے سیزن 20-2019ء کے لیے قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کا کپتان مقرر کر دیا گیا ہے جبکہ بابر اعظم کو آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2012ء تک قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔

تازہ ترین