تحریر:عالیہ کاشف عظیمی
ماڈل :زرتاشا
ملبوسات:رفاقت علی
آرایش:زید زی
عکّاسی :ایم کاشف
لے آؤٹ: نوید رشید
امجد اسلام امجدؔ کی ایک آزاد نظم ’’مَیںنے دیکھا اُسے‘‘کے چند مصرعے ہیں؎’’اے اجنبی ہم نشین…اس اُداسی کو کچھ دیر کے واسطے بھول جا،مُسکرا…دیکھ،دُنیا میں غم کے سوا بھی بہت کچھ ہے، آنکھیں…فقط آنسوؤں کے لیے نہیں،خواب بھی…اُن کی جاگیر ہیں…!!‘‘واقعی یہ خوابوں کی دُنیا بھی بڑی ہی عجیب ہے۔ جب چاہا، آنکھیں موندیں اور اُس نگری جا پہنچے،جہاں ہمہ وقت سَت رنگے سپنے ہی رقصاں رہتے ہیں۔
اور جب تخّیل کی بساط پر شادمانی اور تتلیوں، گُلوں کے رنگ بھی بکھرے ہوں، توپھر یہی جی چاہتا ہے کہ مجسّم سراپے کو یوں سجایا سنوارا جائے کہ آس پاس کی دُنیا کے سب رنگ ماند پڑجائیں۔تو لیجیے،آج ہماری بزم بھی کچھ ایسے ہی حسین و دِل کش رنگ و انداز کے ایک سے بڑھ کر ایک اسٹائلش، دیدہ زیب پہناووں سے مرصّع ہے کہ ان میں سے جو دِل چاہےپیراہن منتخب کرلیں، خواب و خیال میں نہیں، حقیقت میں اپنے، پیارے سب ہی آپ کو دیکھ کر آپ کی جامہ زیبی کے قائل ہوجائیں گے۔
ذرا دیکھیے،سیاہ اور سفید کے سدا بہار امتزاج میں ایمبرائڈرڈ پرنٹڈ قمیص اور پلین اسٹریٹ ٹراؤزر کا انداز کیسا پیارا لگ ہے۔قمیص کے دامن پرگلابی رنگ ایمبرائڈرڈ پھول، پتّوںکا جلوہ ہے، تو اِسی سے ہم آہنگ پرنٹڈ دوپٹا بھی خاصاخوش گوار تاثر دےرہا ہے۔پھر ایک جانب سُرخ رنگ پلین ٹراؤزر کے ساتھ گہرے رنگوں کے دِل کش کامبی نیشن میں ڈیجیٹل پرنٹڈ فلورل کُرتی خُوب کِھل رہی ہے، تو دوسری جانب آتشی گلابی رنگ سگریٹ پینٹ کے ساتھ اورنج زمین پر شاکنگ پِنک، ٹرکوائز،بلیو اور گرین رنگوں کے حسین کنٹراسٹ میں ایمبرائڈرد پرنٹڈ کُرتی کےبھی کیاہی کہنے۔
اسی طرح سُرخ،نیلے اور کئی شوخ رنگوں کے امتزاج میں سندھی کڑھت سے ملتی جُلتی ایمبرائڈرڈ پرنٹڈ قمیص کا انداز جداگانہ ہے،تو سُرخ رنگ ٹراؤزر،مسٹرڈ اور سیاہ رنگوںکی آمیزش میں اسٹرائپڈ پرنٹڈ قمیص کے ساتھ دِل کش رنگوں کے پرنٹڈ دوپٹے کی ہم آمیزی بھی کچھ کم حسین معلوم نہیں ہورہی۔