• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’LoC پر جہاں مرضی ہو، جائیں‘‘، سفارتکاروں کو آصف غفور کی پیشکش

غیر ملکی سفیروں کے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے دورے کے موقع پر پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور بھی کنٹرول لائن پر موجود ہیں، انہوں نے پیش کش کی ہے کہ غیر ملکی سفارت کار جہاں مرضی جائیں اور خود صورتِ حال کا جائزہ لیں۔

اس موقع پر ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے غیر ملکی سفارت کاروں اور ذرائع ابلاغ کو بریفنگ بھی دی اور سفارت کاروں کو لائن آف کنٹرول پر خود گھوم پھر کر صورتِ حال کا جائزہ لینے کی پیش کش بھی کی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارتی ہائی کمیشن اپنے آرمی چیف کے دعوے پر کھڑا نہیں رہ سکا۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی ہائی کمیشن کاکوئی اہل کار یا سفارت کار کنٹرول لائن جانے کے لیے نہیں پہنچا، جبکہ غیر ملکی سفارت کار اور میڈیا گروپ وادیٔ نیلم پہنچے ہیں، جہاں وہ لائن آف کنٹرول پر جوڑا سیکٹر کا دورہ کر رہے ہیں۔


ڈی جی آئی ایس پی آر نے یہ بھی کہا کہ بھارتی ہائی کمیشن کے اسٹاف میں سفارت کاروں کے ساتھ کنٹرول لائن جانے کی اخلاقی جرأت نہیں، غیر ملکی سفارت کار اور میڈیا ارکان کا گروپ کنٹرول لائن پر سچ سامنے لائے گا۔

واضح رہے کہ بھارتی آرمی چیف کے ایل او سی پر مبینہ کیمپس تباہ کرنے کے جھوٹے اور بے بنیاد دعوے کو بے نقاب کرنے کے لیے پاک فوج نے پاکستان میں غیر ملکی سفیروں اور ہائی کمشنروں کو کنٹرول لائن پر نوسہری، شاہ کوٹ اور جورا سیکٹرکا دورہ کرایا ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: بھارت کا بیانیہ پِٹ رہا ہے: شاہ محمود قریشی

پاکستان نے بھارتی آرمی چیف بپن راوت کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے بھارت کو دعویٰ سچ ثابت کرنے کا کھلا چیلنج دیا تھا۔

تاہم پاکستان کی جانب سے دعوت دیئے جانے کے باوجود پاکستان میں تعینات بھارتی ناظم الامور گورو اہلووالیا سمیت کوئی بھی بھارتی سفارت کار ایل او سی کے دورے پر نہیں آیا ہے۔

19 اور 20 اکتوبر کو بھارتی فورسز نے ایل او سی کے 3 سیکٹرز پر بلا اشتعال فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں ایک فوجی جوان اور 5 شہری شہید ہوئے تھے، پاکستان کی جانب سے کی گئی جوابی کارروائی میں 9 بھارتی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔

تازہ ترین