خیبر پختون خوا کے شہر ڈیرہ اسماعیل خان میں تحصیل پروآ کے علاقے رمک میں محکمۂ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے ایک گھر پر چھاپہ مارا ہے جس کے دوران دہشت گردوں نے فائرنگ کر دی۔
دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں سی ٹی ڈی کا ایک اہلکار شہید اور ایک سپاہی زخمی ہو گیا، جوابی کارروائی میں دہشت گرد فرار ہو گئے۔
واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ہے جس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور سرچ آپریشن جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیئے: کراچی میں فائرنگ سے خاتون جاں بحق
پولیس کا کہنا ہے کہ شہید ہونے والے اہلکار کا نام حوالدار نور علی شاہ ہے، جبکہ زخمی سپاہی کی شناخت جہانگیر کے نام سے ہوئی ہے جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
شہید حوالدار نور علی شاہ کی نمازِ جنازہ پولیس لائن میں ادا کرنے کے بعد میت آبائی علاقہ ٹانک روانہ کر دی گئی ہے۔