گلوکارہ عینی خالد نے وزن کم کرنے کے خواہشمند لوگوں کو مفید مشورہ دے دیئے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر انہوں نے اپنی ایک پوسٹ میں وزن کم کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کے لیے اپنی بیٹی کی پیدائش سے قبل اور ابھی چند دن قبل لی گئی ایک تصویر اپلوڈ کی۔
کیپشن میں انہوں نے اپنے وزن کم کرنے کی تفصیل بتاتے ہوئے لکھا کہ یہ پوسٹ اُن تمام لوگوں کے لیے ہے جو وزن کم کرنے کے لیے متحرک ہیں ۔
گلوکارہ نے اپنے زیادہ وزن سے پریشان لوگوں کو یقین دلایا کہ وہ بھی ایسا کر سکتے ہیں۔
انہوں نے اپنے زیادہ وزن کو کم کرنے کے وقت کو یاد کرتے ہوئے لکھا کہ بیٹی ایشا کی پیدائش کے بعد انہوں نے وزن کم کرنے کے لیے کیٹو ڈائٹ کی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ انہیں ہائپو تھائیراڈازم ہے جس کی وجہ سے وزن کم کرنے کے لیے کسی بھی نارمل شخص سے زیادہ وقت لگتا ہے۔
انہوں نے یہ بھی لکھا کہ یہ پوسٹ ان تمام افراد کے لیے ہے جنہوں نے مجھے میسج کیا کہ وہ وزن کم کرنے کے لیے ہمت وحوصلہ کھو چکے ہیں، مجھےامید ہے کہ میں آپ کو متاثر کرسکتی ہوں کہ کوشش کرنا کبھی نہ چھوڑیں۔
پوسٹ اپلوڈ کرنے کے بعد عینی نے اپنے مداحوں کو بھی جواب دیئے۔ مداح کی جانب سے کئے گئے سوال کہ انہوں نے کتنے وقت میں وزن کم کیا؟
اس کے جواب میں عینی نے لکھا کہ پانچ ماہ کیٹو ڈائٹ پر رہنے کے بعد وہ وزن کم کرنے میں کامیاب رہیں۔
واضح رہے کہ ماڈلنگ کے بعد گلوکارہ کو 2005 میں اُس وقت شہرت ملی جب انہوں نے اپنا پہلا گانا ’ماہیا‘ کے نام سے ریلیز کیا۔
یہ گانا 2007 میں ریلیز ہونے والی بالی ووڈ فلم کا حصہ بھی بنا اور اس گانے کو دو سالوں میں سب سے زیادہ سننے کا اعزاز بھی حاصل ہوا۔