• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سائنس دان نظام شمسی میں چھپے پوشیدہ رازوں کو جاننے کے لیےتحقیقات کرتے رہتے ہیں ۔ حال ہی میں سائنسدانوں نے ہمارے نظام شمسی کے دوسرے بڑے سیارے زحل (سیٹرن ) کے مزید 20 چاند دریافت کیے ہیں ،اب اس کے چاندوں کی تعداد 82 ہوگئی ہے ۔

اس دریافت کے بعد زحل نے مشتری کو پیچھے چھوڑ دیا ہے ۔یہ دریافت کارنیگی میلون یونیورسٹی کے ڈاکٹر اسکاٹ شیپرڈ کی قیادت میں ماہرینِ فلکیات کی ایک بین الاقوامی ٹیم نے کی ہے ۔اس نئے دریافت ہونے والے تمام چاندوں میں سے ہر ایک تقریباً 5 کلومیٹر چوڑا ہے۔ 

ان 20 میں سے 17 چاند رجعی حرکت (ریٹروگریڈ موشن) رکھتے ہیں یعنی جس سمت میں زحل گردش کررہا ہے، یہ چاند اس کے اُلٹ سمت میں سیارے(زحل ) کے گرد چکر لگا رہے ہیں۔صرف تین چاند معمولی کی گردش یعنی ’’پروگریڈ موشن‘‘ میں مصروف ہیں، جن میں سے دو چاند کافاصلہ زحل سے نسبتاً کم ہے اور وہ اس دیوقامت سیارے کے گرد ایک سے دو زمینی سال میں ایک چکر پورا کرلیتے ہیں۔

باقی 18 چاند، جن کا زحل سے فاصلہ بھی خاصا زیادہ ہے، اس سیارے کے گرد تین سال سے بھی زیادہ مدت میں ایک چکر مکمل کرتے ہیں۔ماہرین کے مطابق آج سے کروڑوں یا اربوں سال پہلے زحل کے گرد ایک بڑا چاند ہوا کرتا تھا جو کسی بڑے تصادم کے نتیجے میں تباہ ہوگیا تھا اور اس کی باقیات چھوٹے چاندوں کی شکل میں رہ گئیں۔ 

نئے دریافت ہونے والے بیشتر چاند اس خیال کی مطابقت میں ہی دکھائے دیتے ہیں لیکن کچھ چاند اس تصور کی خلاف ورزی کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔سائنس دانوں کو لگتا ہے کہ شاید یہ اسی تباہ شدہ چاند کے ٹکڑے ہوں جو ابتداء میں اپنی زیادہ رفتار کے سبب زحل سے زیادہ دور ہوگئے ہوں۔ تاہم ابھی اس بارے میں حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جاسکتا۔

تازہ ترین
تازہ ترین