• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

موقع ہے نااہل حکومت دستبردار ہو جائے، فضل الرحمٰن

آزادی مارچ گوجر خان پہنچ گیا


جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ ناجائز اور نااہل حکومت کو پاکستان پر مسلط ہونے کا حق نہیں، ملک داؤ پر لگا ہے، آزادی مارچ وطن عزیز کی بقا اور سلامتی کے لیے ہے، جمہوریت کی آزادی اور قانون کی عملداری کی جنگ لڑ رہے ہیں۔

جے یو آئی( ف) کا آزادی مارچ گجرات اور پھر لالہ موسیٰ پہنچا، جہاں پر پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر قمر الزمان کائرہ نے مارچ کا استقبال کیا، بعد ازاں آزادی مارچ گوجر خان پہنچ گیا، یہاں قیام کے بعد دوپہر کو اسلام آباد کی جانب روانہ ہو گا۔

مولانا فضل الرحمٰن گوجر خان میں سابق چیرمین بلدیہ شاہد صراف کی رہائشگاہ پہنچ گئے جہاں پر وہ آرام کریں گے۔

مولانا فضل الرحمٰن نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 50 لاکھ گھر بنانے کے دعوے کیے گئے، بنائے تو نہیں گھر گرائے گئے، اب بھی موقع ہے نااہل حکومت دستبردار ہو جائے، قوم کو مزید اذیت سے نجات دلائے۔

انہوں نے کہا کہ احتساب کے نام پر سیاسی قیادت کو دیوار سے لگایا جا رہا ہے، سیاسی قیادت کو دیوار سے لگانے کا ڈراما ختم ہونا چاہیے، سیاسی قیادت کے خلاف نیب کو استعمال کیا جا رہا ہے، تمام سیاسی جماعتیں آج ایک پیج پر ہیں کہ حکومت ناجائز ہے۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ نے مزید کہا کہ آج اگر کشمیر پر بھارت نے یلغار کی ہے تو ہماری کمزوریوں سے فائدہ اٹھا کر کی ہے، کشمیریوں کی آزادی اور حق خودارادیت کی جنگ لڑتے رہیں گے۔

تازہ ترین