جمعیت علمائےاسلام ف کا آزادی مارچ مولانا فضل الرحمٰن کی قیادت میں پنجاب کے ضلع راولپنڈی کے علاقے گوجر خان پہنچ گیا ہے۔
گوجر خان میں جے یو آئی ف اورمسلم لیگ نون کے رہنماؤں نے قافلےکا استقبال کیا، جہاں مقامی نون لیگی رہنما شاہد صراف نے میزبانی کے فرائض انجام دیے۔
قافلے میں شامل کارکنوں نے بھی وہیں پڑاؤ ڈال لیا، صبح سویرے ناشتہ کیا اور اصل منزل اسلام آباد جانے کے لیے تازہ دم ہوئے۔
آزادی مارچ اب سے کچھ دیربعد مولانا فضل الرحمٰن کی قیادت میں اسلام آباد کے لیے روانہ ہوگا جہاں پشاور موڑ پر مسلم لیگ نون اور پیپلز پارٹی سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ جے یو آئی کا جلسہ ہو گا۔
جلسہ گاہ میں مرکزی قافلہ پہنچنے سے پہلے ہی کارکن صبح سے پہنچے ہوئے ہیں جہاں ناشتے سے ان کی تواضع کی گئی۔
آزادی مارچ کا قافلہ آج شام راولپنڈی شہر میں داخل ہوگا۔
آزادی مارچ میں شرکت کے لیے لکی مروت سے 600 گاڑیوں کا کارواں کرم پل سے روانہ ہوا ہے جس کی قیادت ایم این اے مولانا محمدانور کر رہے ہیں۔
ہنگو میں شاہراہ بند کر دی گئی
ادھر ہنگو میں جے یو آئی ف کے کارکنوں نے پارا چنار، ٹل اور ہنگو تا کوہاٹ مین شاہراہ مکمل طور پر بند کر دی۔
انتظامیہ کی جانب سے گاڑی مالکان پر پابندی لگائے جانے کی وجہ سے جےیو آئی کارکنان نے سڑکیں بند کی ہیں۔
اسلام آباد و پنڈی کے تعلیمی ادارے بند
آزادی مارچ کے پیش نظر اسلام آباد میں نجی اسکولز آج بند ہیں، جبکہ اسلام آباد کی قائدِ اعظم یونی ورسٹی 2 دن بند رہے گی جہاں شیڈولڈ امتحانات ملتوی کر دیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیئے: ’’وزیرِ اعظم نے فیصلہ کیا کہ مولانا کو نہیں روکوں گا‘‘
راول پنڈی ضلع کے تمام سرکاری و نجی اسکولز، کالجز اور یونیورسٹیز بھی آج بند رہیں گی، جڑواں شہروں کے درمیان آج میٹرو بس سروس بھی بند رہے گی۔
آزادی مارچ، ٹریفک پلان مرتب
دوسری جانب آزادی مارچ کے سلسلے میں اسلام آباد ٹریفک پولیس نے مارچ کے شرکاء اور عوام کے لیے علیحدہ علیحدہ ٹریفک پلان بھی ترتیب دیا ہے۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شرکاء اور عوام کی سہولت کے لیے مرتب کیے گئے ٹریفک پلان کے نقشے بھی جاری کیے ہیں۔