• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپوزیشن کے ساتھ ہیں، پر تشدد احتجاج کی حمایت نہیں کریں گے، احسن اقبال

سابق وزیر داخلہ اور مسلم لیگ نون کے رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کے مطالبات کی حمایت جاری رکھیں گے لیکن کسی پُر تشدد احتجاج کی حمایت نہیں کریں گے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما مسلم لیگ نون احسن اقبال نے کہا کہ آج کے اجلاس میں مکمل اتفاق رائے پایا گیا کہ نون لیگ اُن رہنما اُصولوں کے مطابق جو نواز شریف نے متعین کیے ہیں، ان کی روشنی میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ آزادی مارچ کے لیے بھی ہم عمران خان کو قصور وار سمجھتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: مولانا فضل الرحمٰن نے آج اے پی سی طلب کرلی

احسن اقبال کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کی دیگر جماعتوں کے ساتھ رہبر کمیٹی کے ذریعے، اے پی سی فیصلوں کی روشنی میں مشترکہ اپوزیشن حکمت عملی کے ذریعے ملک میں نئے انتخابات کی راہ ہموار کرنے کے لیے اور عمران سے استعفیٰ دینے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔

پاکستان ایک فیصلہ کن موڑ پر کھڑا ہے، اقتصادی و معاشی بحران ملک کی قومی سلامتی کے لیے خطرہ بن چکا ہے۔

مسلم لیگ نون کے رہنما نے کہا کہ اناڑی حکومت نے چودہ ماہ میں معیشت کو جس انداز سے چلایا ہے، دنیا میں کوئی مثال نہیں کہ ایک سال میں کوئی ملک ساڑھے تین فیصد معاشی گراوٹ کا نشانہ بنے۔

انہوں نے کہا کہ معیشت کا پہیہ جام ہوچکا ہے، پارلیمنٹ کو تالے لگ چکے ہیں اور ایوان صدر آرڈیننس فیکٹری بن چکا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: فضل الرحمٰن کی سربراہی میں پارٹی کا 6 گھنٹے طویل اجلاس

پارلیمنٹ کو تالہ لگاکر چور دروازے سے قانون سازی کی جارہی ہےجبکہ اناڑی ڈرائيور ملکی معیشت کی گاڑی کا صبح شام ایکسیڈنٹ کررہا ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ اے پی سی کے اجلاس میں شہباز شریف نے شرکت کرنی تھی لیکن ہماری جماعت کا مشاورتی اجلاس پہلے سے بلایا جاچکا ہے۔

تازہ ترین