وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ انشاءاللّٰہ مولانا جا رہا ہے اور حکومت اپنے 5 سال پورے کرے گی ۔
آزادی مارچ سے متعلق اپنے ایک تازہ ویڈیو بیان میں شیخ رشید نے جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن اور اپوزیشن کے آزادی مارچ پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پچھلے 4 روز میں جمہوریت کی آڑ میں کنٹینر پر جو پاکستان کے خلاف زبان استعمال کی گئی ہے وہ کسی صورت میں بھی پاکستان کے مفاد میں نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان یہی چاہتا ہے کہ پاکستا ن کے عسکری اداروں پر تنقید ہو اور پاکستان کے ریاستی ادارے کمزور ہوں، کشمیر کا مسئلہ پس پشت پر چلا جائے، شیخ رشید نے حکومت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مجھے بہت خوشی ہے کہ موجودہ حکومت نے عمران خان کی حکومت نے بڑی دانشمندی اور عقلمندی سے اس مسئلے کو سنبھالا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انشاءاللّٰہ مولانا جا رہا ہے اور اسلام آباد پر سکون ہوگا، ایک دو روز میں یہ سارے مسئلے حل ہو جائیں گے ۔
شیخ رشید نے کہا کہ سیاسی پارٹیاں سیاسی طریقوں سے اپنا حق منواتی ہیں نا کہ محمود اچکزئی جیسے لوگوں کو ساتھ رکھ کر ایسا تاثر دینا چاہتی ہیں جیسے ملک کے خلاف کوئی انتشار اور خلفشار کا ماحول ہو ۔