• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاور پلے میں اچھا اسکور نہ ہو تو مایوسی ہوتی ہے، بابراعظم

پاور پلے میں اچھا اسکور نہ ہو تو مایوسی ہوتی ہے، بابر اعظم


پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ پاور پلے میں اچھا اسکور نہ ہو تو مایوسی ہوتی ہے، اسٹیو اسمتھ کو بہترین بیٹنگ کا سہرا جاتا ہے جنہوں نے اپنی ٹیم کو فتح یاب کیا، قومی ٹیم کے لیے افتخار احمد نے بھی شاندار بیٹنگ کی۔

دوسرے ٹی 20 کے بعد قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ وہ آسٹریلیا میں آکر کافی انجوائے کرتے ہیں۔

آسٹریلیا نے پاکستان کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں 7 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 150 رنز بنائے تھے، جواب میں آسٹریلیا نے مطلوبہ ہدف صرف 3 وکٹیں گنواکر حاصل کرلیا تھا۔

کینبرا میں بھی گرین شرٹس کا آغاز مایوس کن رہا، کپتان کے ساتھ اننگز شروع کرنے والے فخر زمان صرف 2 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، حارث سہیل نے سڈنی کے آؤٹ کا ری پلے دکھایا اور صرف چھ رنز بنائے۔

رضوان بھی کپتان کا ساتھ نہ دے سکے اور 14 رنز ہی بنا سکے، آصف علی نے ایک بار پھر مایوس کیا، وہ چار رنز بناکر پویلین چلتے بنے۔

بابر اعظم دوسری جانب سے رنز بناتے رہے، افتخار نے بھی کپتان کا ساتھ نبھایا۔

بابر نے کیرئیر کی 12ویں ففٹی مکمل کی، لیکن دوسرے رن کی کوشش میں رن آؤٹ ہوگئے۔

افتخار احمد رنز بڑھاتے رہے، چوکے بھی لگائے اور چھکے بھی، انہوں نے صرف 29 گیندوں پر ففٹی مکمل کی اور  34 گیندوں پر 62 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر پاکستان کا اسکور 6 وکٹ پر 150 رنز تک پہنچا دیا۔

آسٹریلیا کی جانب سے ایشٹن ایگر نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جواب میں ایرون فنچ اور ڈیوڈ وارنر نے 30 رنز کی بنیاد رکھی، وارنر11 گیندوں پر 20 رنز بناکر چلتے بنے تو فنچ 17 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔

لیکن پھر اسٹیو اسمتھ کو کوئی قابو نہ کر سکا، پہلے میکڈرمٹ نے ان کا ساتھ دیا، پھر ٹرنر ٹک گئے۔

اسمتھ نے 36 گیندوں پر ففٹی مکمل کی، جس میں ایک چھکا لگایا 11 چوکے لگائے اور 51 گیندوں پر 80 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر آسٹریلیا کو 7 وکٹ سے کامیابی دلا دی۔

سیریز کا آخری ٹی ٹوئنٹی جمعہ کو کھیلا جائے گا۔

تازہ ترین