• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت میں عمران خان ہیرو قرار، بل بورڈز لگ گئے

کرتارپورراہداری کے افتتاح سے قبل ہی بھارت بھر میں وزیر اعظم عمران خان کےحق میں بل بورڈز لگ گئے۔

بھارت میں عمران خان ہیرو قرار، بل بورڈز لگ گئے


بھارتی ویب سائٹ ’انڈیا ٹوڈے‘ کے مطابق بھارت کے صوبے پنجاب کے شہر امرتسر میں کرتارپور راہداری کے افتتاح سے قبل ہی وزیراعظم عمران خان کو ’اصل ہیرو‘ قرار دیتے ہوئے ان کے حق میں بل بورڈز لگا دیے گئے ہیں۔

امرتسر میں لگائے گئے بل بودڑز میں عمران خان کے ساتھ سابق کرکٹر اور کانگریس کے رکن اسمبلی نوجوت سنگھ سدھو کی تصویر بھی شامل ہے۔ ان بل بورڈز کا متن ’کرتارپور راہداری کے اصل ہیرو نوجوت سنگھ سدھو اور عمران خان ہیں‘ ہے۔

یہ بھی پڑھیے: کرتارپور راہداری معاہدے پر دستخط

انڈیا ٹوڈے کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے حق میں یہ بل بورڈز ماسٹر ہرپال سنگھ کی جانب سے لگایا گیا ہے۔ تاہم، منگل کی دوپہر کو لگائے جانے والے یہ بل بورڈز چند گھنٹوں کے اندر ہی اُتار دیے گئے۔

واضح رہے کہ کرتارپور راہداری کی افتتاحی تقریب کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں جبکہ وزیر اعظم عمران خان 9 نومبر کو اس کا افتتاح کریں گے، جس میں شرکت کے لیے سابق بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ اور سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کو بھی دعوت دی گئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ نے ایک عام شہری کی حیثیت سے تقریب میں شرکت پر رضا مندی ظاہر کی ہے۔

اس کے علاوہ بھارت نے کرتارپور راہداری کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے 575 افراد کی فہرست پاکستانی حکام کو بھجوا دی ہے۔ تاہم، اس میں نوجوت سنگھ سدھو کا نام شامل نہیں تھا اس لیے اُنہیں بھی باقاعدہ دعوت دی گئی۔

یہ بھی پڑھیے: من موہن کس کے کہنے پر پاکستان آئیں گے؟

بھارتی پنجاب میں واقع ڈیرہ بابا نانک اور پاکستان میں کرتار پور میں واقع دربار صاحب گوردوارہ (جہاں سکھ مذہب کے بانی گرو نانک نے اپنے آخری دن گزارے تھے) آپس میں ایک دوسرے سے منسلک ہیں۔

دوسری جانب یہ بھی کہا جارہا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی 8 نومبر کو بھارت کی طرف سے راہداری کا افتتاح کریں گے۔

تازہ ترین