• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد کے اسپتال میں سابق وزیرِ اعظم اور مسلم لیگ نون کے رہنما شاہد خاقان عباسی کے ہرنیا کا آپریشن ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق شاہد خاقان عباسی کو آپریشن کے بعد کم از کم 7 دن تک اسپتال رکھا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ میڈیکل بورڈ نے شاہد خاقان عباسی کے اسپتال میں مزید قیام سے متعلق حکومت کو آگاہ کر دیا تھا۔

سابق وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی کو گزشتہ 4 سال سے ہرنیا کی تکلیف تھی، انہیں 4 نومبر کو نجی اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

شاہد خاقان عباسی کا بلڈ پریشر زیادہ ہونے کی وجہ سے 4 نومبر کو آپریشن مؤخر کر دیا گیا تھا، جس کے بعد ڈاکٹروں نے آپریشن کے لیے آج کی تاریخ دی تھی۔

واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے مسلم لیگ نون کے سینئر نائب صدر، سابق وزیرِ اعظم و وزیرِ پیٹرولیم شاہد خاقان عباسی کو ایل این جی کیس میں 18 جولائی کو گرفتار کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیئے: شاہد خاقان کو اسپتال منتقل کرنے کا حکم

نیب کی درخواست پر احتساب عدالت نے شاہد خاقان عباسی کے ریمانڈ میں 19 نومبر تک توسیع کر رکھی ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے 28 اکتوبر کو احتساب عدالت میں بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ میڈیکل بورڈ نے میری سرجری تجویز کی ہے لہٰذا عدالت مجھے شفا انٹرنیشنل اسپتال سے اپنے خرچ پر علاج کرانے کی اجازت دے۔

اس موقع پر شاہد خاقان عباسی نے عدالت سے یہ استدعا بھی کی تھی کہ ان کا کیس میڈیا پر براہِ راست دکھایا جائے تاکہ پورا ملک دیکھ سکے کہ منتخب نمائندے کتنے کرپٹ ہیں۔

تازہ ترین