• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

جوہی، ضمنی الیکشن میں پیپلز پارٹی کامیاب، تحریک انصاف کو شکست

پی ایس 86 پر ضمنی انتخابات، پی پی کامیاب، پی ٹی آئی کو شکست


جوہی ( جنگ نیوز ) تحصیل جوہی میں صوبائی اسمبلی پی ایس 86 دادو4 کی نشست پیپلز پارٹی نے دوبارہ جیت لی۔

پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی غلام شاہ جیلانی کےانتقال کے باعث خالی ہونے والی نشست کیلئے پیپلزپارٹی، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور 4آزاد امیدوار میدان میں تھے۔تمام 158 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے امیدوار سید صالح شاہ42 ہزار 254 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے جبکہ تحریک انصاف کے امداد خان لغاری 25 ہزار 555 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

الیکشن میں بھاری اکثریت سے جیتنے پر پیپلزپارٹی کے کیمپ پر جشن کا سماء تھا، کارکن جیالے ڈھول کی تاپ پر ناچتے رہے،2018کے عام انتخابات میں پیپلز پارٹی کےامیدوار نے 43ہزار 720اور پی ٹی آئی نے 38ہزار 794ووٹ حاصل کیے تھے، اس لحاظ سے دیکھا جائے تو2018 کےانتخابات کی نسبت پیپلز پارٹی کو3.3فیصدکم ووٹ پڑے جبکہ پاکستان تحریک انصاف کو 34فیصد کم ووٹ پڑے۔

گزشتہ روز جیتنے والے پیپلز پارٹی کے امیدوار سید صالح شاہ نے جوہی تعلقہ کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ سندہ اسمبلی میں حلف اٹھانے کے بعد جوہی کے زرعی پانی سمیت دیگر مسائل پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے خصوصی پیکیج کا اعلان کروائیں گے اور عوام کو بنیادی سہولتیں فراہم کریں گے۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار امداد علی لغاری نے جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی نے علاقے کے تمام وڈیروں، رئیس سرداروں اور بااثر لوگوں کو خرید لیا تھا۔

تازہ ترین