• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قاسم سوری کیخلاف تحریک عدم اعتماد کی قرار داد جمع

قاسم سوری کیخلاف تحریک عدم اعتماد کی قرار داد جمع


اپوزیشن جماعتوں نے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی قرارداد جمع کرادی ہے۔

اپوزیشن نے قاسم سوری کے خلاف تحریک عدم اعتماد کا نوٹس سیکریٹری قومی اسمبلی کے پاس جمع کرایا ہے، جس میں ڈپٹی اسپیکر پر خلاف آئین اور قواعد کی خلاف ورزی کے الزامات لگائے گئے ہیں۔

تحریک عدم اعتماد مرتضیٰ جاوید عباسی اور محسن شاہ نواز رانجھا نے جمع کرائی، جس پر ن لیگ، پی پی پی، ایم ایم اے اور اے این پی کے ارکانِ قومی اسمبلی کے دستخط ہیں۔

قومی اسمبلی قواعد کے تحت نوٹس کے 7 دن بعد قرارداد کو کارروائی کے لیے قومی اسمبلی کے ا یجنڈے میں شامل کردیا جائے گا۔

ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ دستخط کرنے والے ارکان قومی اسمبلی نے یہ نوٹس آرٹیکل 53 کی شق 7 کی ذیلی دفعہ سی کے تحت جمع کرایا ہے، اس لیے تمام ایم این ایز کو فوری طور پر نوٹس بھیج دیا جائے۔

اس بارے میں قومی اسمبلی کے قواعد

قومی اسمبلی قواعد کے ذیلی قاعدہ 1 کے تحت قرارداد پیش کرنے کی اجازت طلب کرنے کی تحریک 7 دن بعد قومی اسمبلی کے ایجنڈے میں شامل کی جائے گی۔

ذیلی قاعدہ 2 کے تحت جس کے خلاف قرارداد ہو وہ اس دن اجلاس کی صدارت نہیں کرے گا۔

تحریک کے لیے اگر ایک چوتھائی یعنی 86 ارکان کھڑے ہو جائیں گے تو قرارداد پیش کرنے کی اجازت دی جائے گی، جس کے بعد قرارداد پیش کرنے والا رکن 15 منٹ اس پر بات کرنے کا مجاز ہوگا۔

قرارداد پر خفیہ رائے شماری کے تحت ووٹ ڈالے جائیں گے، قرارداد کثرت رائے سے منظور ہونے پر اسپیکر یا ڈپٹی اسپیکر اپنے عہدے سے برطرف قرارپائے گا۔

تازہ ترین