تحریر: عالیہ کاشف عظیمی
ماڈل: فرحین اقبال
ملبوسات: اُجالا روشنی کلیکشن
آرایش: نریمان بیوٹی پارلر
عکّاسی: اطہر خان
لے آؤٹ: نوید رشید
سرما رُت کے آغاز ہی سے مُلک کے بیش تر حصّوں میں موسم کا جادو سَر چڑھ کر بولنے لگا ہے۔کہیں بوندوں کے جلترنگ بج رہے ہیں۔ کہیں دھند ڈیراڈالے ہے، تو کہیں سرسبز وادیوں، بُلندوبالا پہاڑوں پر برف کی تہیں جمنے لگی ہیں۔رہی بات کراچی کی، تو یہاں کی صُبحیں اور شامیں بھی خُنکی کی مہین رَدا اوڑھے موسم بدلنے کی خبر دے رہی ہیں۔اور جب رُت بدل رہی ہو، تو نہ جانے کیوںہر راہ گزر، ہر بام و دَر نیا نیا، نکھرا نکھرا سا کیوں لگنے لگتا ہے۔ اور اگر ایسے نشیلے، البیلے موسم میں خوشیوں بَھری کسی تقریب میں جانے کا ارادہ بن جائے تو بس جی یہی چاہتا ہے کہ خوش رنگ و خوش نما پیراہن زیبِ تن کرکے خود کو یوں سجا سنوارا جائے کہ کوئی تعریف کیے بنا رہ نہ پائے۔
تو لیجیے، آج ہماری بزم ایسے ہی کچھ رنگا رنگ، دِل کش و منفرد سے پہناووں سے آراستہ ہے۔ ذرا دیکھیے، آتشی گلابی اور سُرخ کے حسین امتزاج میں پیراہن کاشاہانہ انداز، سُرخ رنگ پلین پاجامے کے ساتھ کنٹراسٹ میں آتشی گلابی کلیوں والا انگرکھا کیا حسین لُک دے رہا ہے۔ سیاہ رنگ فلیپر ٹراؤزر کے ساتھ شیفون کی کلیوں والی فراک دِل آویز لگ رہی ہے، تو ڈارک فرینچ بیج اور سیاہ کے کامبی نیشن میں ڈبل لیئر میکسی کا انداز بھی خاصا اسٹائلش ہے۔سِلک فیبرک میں آف وائٹ رنگ باٹم ایمبرائڈرڈ ٹراؤزر اور گوٹے کے ساتھ کٹ ورک سے آراستہ گہرے زرد رنگ کی قمیص کا جلوہ غضب ہے، تو سفید رنگ جینز، سیاہ شرٹ کے ساتھ سفید رنگ نیٹ اَپر کا انتخاب بھی خُوب ہے۔ جب کہ بیج رنگ ڈبل لیئر میکسی کی سادگی و رعنائی کے تو کیا ہی کہنے۔