وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ نواز شریف کی بیرون ملک روانگی سے متعلق کابینہ نے مختصر ترین فیصلہ کیا ہے۔
ایک بیان میں شیخ رشید نے کہاکہ وفاقی کابینہ نے نواز شریف کی صحت کو دیکھتے ہوئے طبی بنیادوں پر انہیں باہر جانے کی اجازت دی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دوران اجلاس مجھ سمیت کابینہ کی اکثریت سابق وزیراعظم نواز شریف کو ملک سے باہر بھیجنے کی حامی تھی۔
وزیر ریلوے نے یہ بھی کہا کہ نواز شریف کب جارہے ہیں؟ یہ مجھے نہیں معلوم، میرا ان سے کوئی رابطہ نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف سے متعلق وزیراعظم کہہ چکے ہیں کہ احتساب کا عمل مکمل کریں گے، وہ اس کے لیے پرعزم ہیں۔
شیخ رشید نے سکیورٹی بانڈز کی رقم سے متعلق پوچھے گئے سوال پر کہا کہ العزیزیہ کیس میں دیکھ لیں کتنی رقم ہے۔
یاد رہے کہ عدالت نے العزیزیہ کیس میں نواز شریف پر 25 ملین ڈالرز اور 1 اعشاریہ 5 ارب روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔