پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ نون کے رہنما حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ نوازشریف کی صحت ناسا زہے، افسوس حکومت اس پر بھی سیاست کر رہی ہے۔
لاہور کی احتساب عدالت میں منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس کی سماعت کے موقع پر احاطۂ میں عدالت میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ میاں نواز شریف بیمار اہلیہ کو چھوڑ کر اور اپنی خود کی بیماری کی حالت میں بھی پاکستان واپس آئے تھے۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ نوازشریف کے دور حکومت میں اس طرح مہنگائی نہیں تھی، اب تو غریب آدمی صبح شام حکومت کو بدعائیں دیتا ہے اور وہ وقت دور نہیں جب عوام بہت جلد اس حکومت سے نجات حاصل کرے گی۔
اس سے قبل لاہور کی احتساب عدالت میں حمزہ شہباز کے خلاف منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس کی سماعت ہوئی جس میں نیب نے حمزہ کو عدالت کے روبرو پیش کیا۔
کیس کی سماعت کے دوران احتساب عدالت کے جج نے نیب کے وکیل سے استفسار کیا کہ کیس میں ریفرنس کی کیا پوزیشن ہے ؟ جس پر نیب وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اسی کیس میں 5 دیگر افراد بھی گرفتار ہیں تفتیش جاری ہے۔
وکیل نیب نے عدالت کو بتایا کہ اس کیس میں جلد ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کر دیا جائے گا جس کے بعد عدالت نے حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں 28 نومبر تک توسیع کر دی۔