• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نون لیگ گارنٹی کا بندوبست کرے، فواد چوہدری

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ  مسلم لیگ نون نواز شریف کی صحت پر سیاست نہ کرے، گارنٹی کا بندوبست کرے۔

نون لیگ گارنٹی کا بندوبست کرے، فواد چوہدری


یہ بھی پڑھیے: بیرون ملک جانے کیلئے اربوں کی ضمانت دیں

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ حکومت نے بہت بڑا قدم اٹھایا ہے لیکن شریف فیملی میں مسلم لیگ نون کی لیڈر شپ کی جنگ جاری ہے ۔

فواد چوہدری نے کہا کہ سابق صدر آصف زرداری اور کئی دیگر ملزمان بھی نوازشریف کی مثال حاصل کرنا چاہیں گے، مگر پراسس کئے بغیر باہر بھیجنا عملی طور پر نا ممکن ہے۔

دوسری جانب اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ کابینہ میں کل طویل میٹنگ ہوئی، وزیراعظم کی تمام معاملات پر گہری نظر ہے، انسانی بنیاد پر کابینہ نے معاملے کا جائزہ لیا ہے، کابینہ نے نوازشریف کو انسانی بنیادوں باہر جانے کی اجازت دی ہے۔

فواد چوہدری نے بتایا کہ ذیلی کمیٹی کہہ رہی ہے کہ ماضی میں کوئی ایسی مثال نہیں ہے، نوازشریف کوئی ایسی گارنٹی تو دیں کہ ٹھیک ہوکر وہ واپس آجائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار بھی واپسی کی یقین دہانی کراتے رہے، جبکہ حسین نواز اور حسن نواز بھی واپس نہیں آئے ، برطانیہ میں انہوں نے اپنی جائیدادیں چھپا ئی ہوئی تھیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ آج انہیں بغیر شک جانے دیں گے تو کل آصف زرداری، خورشید شاہ بھی باہر جانے کا کہیں گے۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ 3 ہزار قیدیوں نے جیل سے نکلنے کی درخواستیں دائرکی ہیں، ہم نے مثال قائم کرنی ہے اور بیلنس قائم کیا ہے، یہ مثال باقی لوگوں کے لیے بھی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ شریف فیملی میں مسلم لیگ نون کی لیڈر شپ کی جنگ جاری ہے، شہبازشریف، مریم نواز، خواجہ آصف، نوازشریف کی کرسی سنبھالنے کی دوڑمیں ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ عدالت ای سی ایل سے نام نکال دے تو ہمارا کوئی مسئلہ نہیں، اب ساری ذمہ داری ہم پر ڈال دی گئی ہے۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ ہماری طرف سے کوئی تاخیرنہیں، مسلم لیگ نون کی طرف سے تاخیر ہو رہی ہےاور اس سے نون لیگ کی ہی ساکھ متاثر ہورہی ہے ، نوازشریف کی صحت سے پیسہ زیادہ اہم نہیں ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ فضل الرحمٰن کے دھرنے میں روز نئے لطیفے سننے کو ملتے ہیں، مولانا جہاں جہاں نکلنا چاہتے ہیں نکلیں، ہم دیکھنے کے لیے بیٹھے ہیں۔

تازہ ترین