• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نوجوان پولیس اہلکار نے ضعیف خاتون کی دعائیں لے لیں

بوڑھی خاتون کی مدد کرنے والے خیبر پختو نخوا کے نوجوان پولیس اہلکار کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک تصویر شیئر کی جس میں ایک بوڑھی خاتون زمین پر بیٹھی ہیں اور ہزارہ پولیس کا نوجوان اہلکار اُس بوڑھی خاتون کو چپل پہنا رہا ہے اور وہ خاتون اُس پولیس اہلکار کو دُعائیں دے رہی ہیں۔‘

پاکستان تحریک انصاف نےتصویر کے کیپشن میں لکھا کہ ’خیبر پختو نخوا پولیس ہمیشہ عوام کی خدمت میں پیش پیش رہتی ہے، ہزارہ پولیس کا نوجوان ایک بوڑھی ماں کی مدد کرتے ہوئے۔‘

اُنہوں نے خیبر پختو نخوا پولیس کو سراہتے ہوئے لکھا کہ ’ہمیں خیبر پختو نخوا پولیس کے نوجوانوں کی فرض شناسی پر فخر ہے۔‘

اِس تصویر کو ٹوئٹر صارفین کی جانب سے بے حد پسند کیا جارہا ہے اور اِس ٹوئٹ پر صارفین اپنی رائے بھی دےرہے ہیں۔

صائمہ نامی صارف نے لکھا کہ ’امّاں کے چہرے کی طرف دیکھیں اِس پولیس اہلکار نے کروڑوں دُعائیں حاصل کرلیں۔‘

مانی نامی صارف نے لکھا کہ ’اللّہ پاک اِس اہلکار کو اِس نیکی کا اجر دے اور ہمیں بھی اِس طرح کے فلاحی کام کرنے کی توفیق عطا کرے آمین۔‘

پولیس اہلکار کی اِس تصویر کو سوشل میڈیا کے دیگر پلیٹ فارمز پر بھی شیئر کیا جا رہا ہے، دیوا میگزین نامی انسٹاگرام پیج نے بھی یہ تصویر شیئر کی اور کیپشن میں لکھا کہ ’خیبر پختو نخوا پولیس ہمیشہ اپنے شہریوں کی مدد کرنے کے لیے تیار رہتی ہے، خاص طور پر نوجوان پولیس اہلکار جیسا کہ اِس تصویر میں نظر آرہا ہے۔‘


واضح رہے کہ اِس سےقبل اسلام آباد کے عامر بیگ نامی پولیس اہلکار نے معذور شخص کی مدد کرکے فرض شناسی کی اعلیٰ مثال قائم کی تھی۔


تازہ ترین