اسلام آباد(فاروق اقدس) ملک کے معروف گلوکار ابرار الحق کو وفاقی حکومت نے پاکستان ریڈکریسنٹ کا چیئرمین مقرر کردیا ہے جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ۔ راولپنڈی کے سرسید کالج اور قائد اعظم یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ابرار الحق نے اپنی سیاسی سرگرمیوں کا آغاز پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر کے کیا تھا جہاں وہ سٹیج پر تحریک انصاف کے نغمے گا کر ماحول کو گرمایا کرتے تھے 2018 میں پی ٹی آئی کے چیئرمین کی حیثیت سے عمران خان نے ان کے آبائی علاقے NA-78 سے انہیں قومی اسمبلی کا ٹکٹ بھی دیا تھا لیکن وہ کامیاب نہ ہوسکے تاہم گلوکاری کے شعبے میں انہوں نے بے شمار کامیابیاں حاصل کیں باالخصوص ان کے اس گائے ہوئے نغمے کنے کنے جاناں اے بلو دے گھر کو ملک گیر شہرت حاصل ہوئی۔ تاہم پاکستان ریڈ کریسنٹ کے چیئرمین کا منصب سنبھالنے کے بعد وہ گلوکاری جاری رکھیں گے۔ یا ترک کر دینگے اس بارے میں ان کا کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔