• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹریفک خلاف ورزیوں پر رواں سال سوا لاکھ چالان کئے گئے‘ ایس ایس پی

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) ایس ایس پی ٹریفک فرخ رشید نے کہا ہے کہ لاپرواہی سے گاڑی یا موٹر سائیکل چلانا اپنے اور دوسروں کیلئے سنگین حادثے کا باعث بن سکتا ہے۔ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر رواں سال ایک لاکھ 26ہزار 363ڈرائیوروں کیخلاف کارروائی کی گئی جبکہ خصوصی ٹریفک ایجوکیشن اینڈ انفورسمنٹ مہم کے ذریعے شہریوں کو روڈ سیفٹی کے متعلق ہرممکن آگاہی فراہم کی جا رہی ہے۔ اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح وفاقی دارالحکومت کو حادثات سے پاک کرنا، ہر شہری کو تحفظ فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے ٹریفک پولیس سے کہا کہ ’’پہلے سلام پھر کلام اور پھر چالان‘‘ کی پالیسی پر عمل یقینی بناتے ہوئے شہریوں سے حسن اخلاق سے پیش آیا جائے۔ ایس ایس پی نے کہا کہ لاپرواہی سے گاڑی یا موٹر سائیکل چلانے والے ڈرائیورز کیخلاف خصوصی کریک ڈائون جاری ہے۔ ایسے افراد کیخلاف معمول کی کارروائی کے علاوہ خصوصی اسکواڈ بھی تشکیل دیئے گئے ہیں جو اپنے اپنے زون میں لاپرواہی سے ڈرائیو کرنے والوں کیخلاف کارروائی کر رہے ہیں۔ ایس ایس پی ٹریفک نے تمام زونز انچارج کو ہدایت کی کہ اسلام آباد کو حادثات سے پاک کرنے اور شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے شہریوں کو ایجوکیٹ کریں۔ ڈرائیورز کو بتائیں کہ لاپرواہی سے ڈرائیونگ کرنا اپنی اور دوسروں کی جان خطرے میں ڈالنا ہے۔ ایسے عناصر کیخلاف قانونی کارروائی کی جائیگی۔ ایس ایس پی نے آئی ٹی پی ایجوکیشن ٹیم کو خصوصی ٹاسک دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو ٹریفک قوانین اور روڈ سیفٹی کے متعلق بھرپور آگاہی فراہم کر کے ہفتہ وار کارکردگی رپورٹ پیش کی جائے۔
تازہ ترین