• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

پھول تھے، رنگ تھے، لمحوں کی صباحت ہم تھے

تحریر: عالیہ کاشف عظیمی

ماڈل: اسماءراج

ملبوسات: فِٹ وئیر برائیڈل کلیکشن

آرایش: ماہ روز بیوٹی پارلر

عکّاسی: ایم ۔کاشف

لے آؤٹ: نوید رشید

اِن دِنوں خوشیاں کشید کرنے کے مواقع یعنی شادی بیاہ کی تقریبات کا سلسلہ عروج پر ہے۔ رات گئے تک گھروں اور میرج ہالز میں رنگوں، روشنیوں اور خوشبوؤں کا ایک میلا سا لگا نظر آتا ہے ۔اور اس میلے کو چار چاند لگانے کے لیے خاص طور پر لڑکیوں، بالیوں کی یہی کوشش ہے کہ ایسے دِل کش اور حسین ترین پیراہن زیبِ تن کیے جائیں کہ دیکھنے والے ششدر رہ جائیں۔ تو لیجیے، آج ہم نے اپنی بزم ایسے ہی کچھ حسین و دِل کش، جدّت و ندرت سے بَھرپور پیراہنوں سے مرصّع کی ہے۔

ذرا دیکھیے، رَا سِلک فیبرک میں گرین رنگ شرارے اور میسوری فیبرک میں آف وائٹ چولی کا دِل کش انداز کیا غضب ڈھا رہا ہے۔شرارے اور چولی پر سلمے، دبکے اور موتی کا بےحد نفیس کام کیا گیا ہے۔ کینڈی پنک رنگ لباس کی تو کیا ہی بات ہے۔ سِلک فیبرک کے بیل باٹم پر موتی، نگوں کا کام ہے، تو ساتھ میسوری فیبرک میں بھاری کام دار ڈبل لیئر اے لائن ٹیل فراک کا جلوہ ہے۔ اسی طرح مڈنائٹ بلیو اور فون کے دِل کش امتزاج میں ٹراؤزر اور قدرے لمبی ڈبل لیئر قمیص کی جدّت و ندرت کے بھی کیاکہنے۔

ٹراؤزر پر جال کے ساتھ باٹم پر موتی اور گوٹا ورک ہے، تو قمیص کا اِنر پلین، جب کہ کنٹراسٹ میں میسوری فون رنگ بھاری کام دار اَپر ہے۔پھر ایک جانب سلور گِرے رنگ میں ڈبل لیئر میکسی کا منفرد انداز ہے، جس کے ساتھ شوخ نیلا آنچل خُوب قیامت ڈھا رہا ہے، تو دوسری جانب عروسِ سرما کے لیے سُرخ اور فون کے حسین ترین کامبی نیشن میں شرارے، چولی کا بھی انتخاب کیا گیا ہے۔ بنارسی فیبرک میں گھیردار شرارے کے باٹم پر سلمے، دبکے کی بیل اچھا لُک دے رہی ہے، تو میسوری فیبرک میں فون رنگ اَپر پر بَھرا بَھرا کام بھی بہت ہی حسین معلوم ہورہا ہے۔

ہمارے انتخاب میں سے کوئی بھی رنگ و انداز منتخب کرلیں، نہ صرف تقریب میں حُسن و رعنائی کا استعارہ بن جائیں گی، بلکہ گھر آکر بھی یوں ہی محسوس ہوگا؎’’پھول تھے، رنگ تھے، لمحوں کی صباحت ہم تھے…‘‘

تازہ ترین
تازہ ترین