پاکستان ٹی وی انڈسٹری کی معروف اداکارہ فریال محمود نے انکشاف کیا ہے کہ وہ بچپن میں اپنے سوتیلے والد کی جانب سے جنسی ہراسانی کا شکار رہی ہیں۔
فریال نے بتایا کہ وہ اپنے دوسرے سوتیلے باپ سے شدید نفرت کرتی ہیں کیونکہ 8 سال سے 11 سال کی عمر تک وہ انہیں ہراساں کرتے رہے۔
فریال کا کہنا تھا کہ وہ انہیں ایسے وقت میں نشانہ بناتے جب والدہ کام کے سلسلے میں باہر ہوتیں،فریال کا کہنا تھا میں یہ بات کسی کو نہیں بتا سکتی تھی، نہ تو والدہ کو اور نہ ہی بھائیوں کو۔
معروف ویب شو میں میزبان ثمینہ پیرزادہ سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ والدہ کے برے انتخاب نے میرا بچپن بہت خراب کیا۔
اس پر اداکارہ نے مزید بتایا کہ ’میرے دوست کہتے ہیں کہ بچپن کتنا اچھا تھا، واپس آجائے، تب میں سوچتی ہوں، نہیں کبھی واپس نہ آئے، میرا بچپن بالکل اچھا نہیں تھا۔‘
اپنی فیملی کے حوالے سے فریال محمود نے بتایا کہ اُن کے دو چھوٹے بھائی اور تین سوتیلی بہنیں ہیں، اُن کے والد نے دوسری شادی کی تھی۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ والدین ایک دوسرے سے زیادہ بات نہیں کرتے، میرے بھائی، والد سے بات نہیں کرتے، میرے بھائیوں کو یہ بھی نہیں معلوم کہ ان کی بہنیں ہیں اور میری بہنوں کو بھی یہ معلوم نہیں کہ ان کے کوئی بھائی بھی ہیں۔
فریال نے 16 سال کی عمر میں اپنی والدہ کا گھر چھوڑ دیا تھا، وہ ایک ماہ اکیلے رہیں، لیکن جب اُن کے پاس کھانے کو کچھ نہیں بچا تو انہوں نے اپنے والد کو فون کیا اور کہا کہ اگر انہوں نے میری مدد نہیں کی تو میں اس حال میں مرجاؤں گی۔
فریال کے اس انٹرویو سے معلوم ہوتا ہے کہ انہیں اپنے کیریئر میں اس مقام تک پہنچنے میں شوبز انڈسٹری اور ذاتی زندگی میں بہت سی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔
واضح رہے کہ فریال پاکستان کے مشہور ڈراموں ’تم سے ہی تعلق‘، ’محبت تم سے نفرت ہے‘، ’لال عشق‘ اور دیگر شامل ہیں۔