قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف خیریت سے لندن پہنچ گئے ہیں، دعائیں کرنے پر برطانیہ میں بسنے والے لاکھوں پاکستانیوں کا شکر گزار ہوں۔
ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کے باہر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سفر کے دوران نواز شریف کو طبی امداد دی گئی، کل نواز شریف کا ڈاکٹر سے پہلا اپائنٹمنٹ ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دعا کریں کہ نواز شریف کا علاج مکمل ہو اور وہ وطن واپس جائیں۔
اس سے قبل نواز شریف کے صاحبزادے حسین نواز نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے والد کے پلیٹ لیٹس کم ہونے پر سلو پوائزن کے خدشے کا اظہار کیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ معاملے کی تحقیقات ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا تھا کہ والدہ کے علاج اور بیماری کو بھی سیاسی بنانے کی کوشش کی گئی تھی۔ اس وقت سیاسی بات نہیں کرنا چاہتا، سب سے اہم چیز والد کی صحت یابی ہے۔