• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زرداری کا طبی معائنہ، بورڈ نے نقل وحرکت سے منع کردیا

اسلام آباد(ایجنسیاں) پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) میں زیر علاج سابق صدر آصف علی زرداری کے میڈیکل بورڈ نے طبی معائنہ مکمل کر لیا۔ بدھ کو ترجمان پمز ڈاکٹر وسیم خواجہ کے مطابق میڈیکل بورڈنے انہیں مکمل آرام کا مشورہ دیتے ہوئے نقل وحرکت سے سختی سے منع کر دیا‘دوسری جانب پیپلزپارٹی کی سیکریٹری اطلاعات نفیسہ شاہ نے کہاہے کہ سابق صدر کی زندگی کو اگر کوئی نقصان پہنچا تو اس کے ذمہ دار عمران خان ہوں گے۔این این آئی کے مطابق آصف علی زرداری کی طبیعت نہ سنبھل سکی۔اسپتال ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری کی طبیعت میں بہتری نہیں آ سکی‘ سابق صدر کا بلڈ پریشر لیول بھی بہتر نہیں ہو سکا ، سابق صدر کا شوگر لیول نارمل کرنے کے لیے انسولین میں اضافہ کر دیا گیا۔آئی این پی کے مطابق پیپلز پارٹی کی سیکریٹری اطلاعات ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے زرداری کی صحت کے حوالے سے اسپتال ذرائع کی اطلاعات پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انتباہ کیا ہے کہ سابق صدر کی زندگی کو اگر کوئی نقصان پہنچا تو اس کے ذمہ دار عمران خان ہوں گے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ دانستہ طور پر سابق صدر تک ان کے ذاتی ڈاکٹروں کو رسائی نہیں دی جا رہی ہے جو ایک وحشیانہ عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کے ذریعے ملنے والی اطلاعات کے مطابق کہ ڈاکٹر فوری انجیوگرافی کرانے کا مشورہ دے رہے ہیں‘ سرکاری ڈاکٹر سابق صدر کی صحت کو تشویشناک قرار دے رہے ہیں مگر سلیکٹڈ حکومت دانستہ طور پران کی زندگی سے کھیل رہی ہے‘سابق صدر کسی بھی عدالت سے سزا یافتہ ہیں نہ ہی ان پر کوئی فرد جرم عائد ہوئی ہے اس کے باوجودانہیںقید رکھنے کا مطلب یہ ہے کہ وہ سلیکٹڈ حکومت کے سیاسی مغوی ہیں۔

تازہ ترین