• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حضورﷺ کی ولادت باسعادت نعمت عظمیٰ ہے، میلاد کی خوشیاں مناناباعث اجر وثواب ہے، مفتی انصرالقادری

گالوے آئرلینڈ (فرخ وسیم بٹ) پاکستانی کمیونٹی گالوے کے زیر اہتمام گالوے مسجد میں پہلی مرتبہ ایک عظیم الشان محفل میلاد النبیؐ کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستانی، بنگالی اور نائجیرین کمیونٹی نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس محفل میلاد کے مہمان خصوصی برطانیہ سے آئے ہوئے مبلغ علامہ مفتی انصرالقادری تھے محفلِ میلاد کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا۔ ثناء خوان مصطفیٰ، عدیل نقشبندی، سید حسنین شاہ، محمد عمران اور حافظ نصر اقبال نے جب حضور نبی اکرمؐ کی بارگاہ اقدس میں گلہائے عقیدت پیش کئے تو فضا نعرہ تکبیر اللہ اکبر نعرہ رسالت یارسولؐ اللہ کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھی جبکہ نقابت کے فرائض راجہ مدثر علی نے ادا کیے۔ علامہ مفتی انصر القادری نے میلاد پاک کے موضوع پر نہایت مدلل خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ رب العزت کی نعمتوں رحمتوں کی ساری کائنات میں حضور نبی اکرمؐ کی ولادت باسعادت سے بڑھ کر کوئی نعمت تخلیق نہیں کی گئی یہ نعمت عظمٰی ہے اس پر خوشی منانا اللہ رب العزت کی بارگاہ میں بہت مقبول اور بہت اجر ثواب ہے اس طرح کی محافل کا انعقاد دلوں میں حضور نبی اکرمؐ کی محبت کو مزید اجاگر کرنے اور اللہ رب العزت کی بخشش کا بہترین ذریعہ ہوتی ہیں آخر میں اس محفل کے چیف آرگنائزر راجہ مدثر علی نے کلمات تشکر ادا کرتے ہوئے تمام شرکاء اور گالوے مسجد کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور بالخصوص علامہ مفتی انصر القادری کا شکریہ ادا کیا کہ جنہوں نے اپنے علمی فکری اور حضور نبی اکرمؐ کی محبت سے سرشار گفتگو سے ہمارے ایمان کی تازگی کا سامان کیا تمام شرکاء محفل نے حضور نبی اکرمؐ کی بارگاہ اقدس میں نہایت عقیدت و احترام سے کھڑے ہو کر درود و سلام کا نذرانہ پیش کیا اور مفتی انصرالقادری نے امت مسلمہ پاکستان ترقی و سلامتی اور کشمیر کی آزادی کیلئے خصوصی دعا بھی کی اس پروگرام کے انتظام و انصرام میں جن شخصیات کا تعاون رہا ان میں راجہ مدثر علی، چوہدری وسیم، راجہ خرم ،نسیم احمد ،علی شمس، شکیل احمد، فیصل خان، راجہ عدنان، راجہ ارسلان، علی بھائی، چوہدری شعیب، نعیم احمد کے علاوہ عدنان (دانی) یاسین، عمیر، سفیان، حسنین، علی حمزہ اور دیگر احباب شامل تھے۔

تازہ ترین